وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ جیل میں عمران مافیا کو ہونا چاہیے جس نے چند ہیروں کے عوض ملکی مفاد بیچے۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا عمران خان، آپ اور چیئرمین نیب پونے چار سال قانون و انصاف کی دھجیاں اڑاتے رہے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ آپ دو جھنڈے رکھ کر روئیں، پیٹیں یا چیخیں، آپ کی کرپشن کے پول کھل چکے ہیں، آپ کی چار سال کی چوری، کرپشن اور نالائقی عوام کے سامنے بے نقاب ہوچکی ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ ہیرے لےکر فیکٹریوں کے گیٹ کھلوانے والے کو نیب ترامیم یاد آگئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سرکاری ریکارڈ اور اختیار ہونے کے باوجود ایک دھیلے کی کرپشن آپ ثابت نہ کر سکے، عمران صاحب برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی کے پاس گئے لیکن وہاں سے بھی منہ کی کھانا پڑی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران صاحب کی چیخیں صرف اپنی چوری اور کرپشن چھپانے کے لیے نکل رہی ہیں، نیب ترمیم سے موجودہ کیسز پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ شہباز شریف آج بھی جھوٹے الزامات کے باوجود پیشیاں بھگت رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران صاحب جھوٹے، منافق ہیں اور ہر بات پر عوام کو گمراہ کرتے ہیں۔