• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی کے مختلف علاقوں میں تیز بارش، موٹر سائیکلز پھسلنے سے متعدد زخمی

کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش کا آغاز ہوگیا، مون سون کی پہلی بارش کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا، ملیر میمن گوٹھ میں تیزہواؤں کے ساتھ بارش سے کیٹل فارم کی کچی دیواریں،کئی دکانوں کے شیڈز گرگئے۔

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ کیٹل فارم کی دیوار اور شیڈز گرنے سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

بارش کے باعث مختلف شاہراہوں پر موٹر سائیکل پھسلنے  سے حادثات بھی پیش آئے، جس میں کئی افراد زخمی ہوگئے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر ایک گھنٹے میں 21.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

کراچی کے مختلف علاقوں گلستان جوہر، گلشن اقبال، سرجانی ٹاؤن، نارتھ کراچی، ناظم آباد، نارتھ ناظم آباد میں تیز ہوا کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی۔ 

لیاقت آباد، فیڈرل بی ایریا، صدر میں بھی بارش ہوئی جبکہ  گارڈن، بہادرآباد، طارق روڈ، آئی آئی چندریگر روڈ پر بھی ابر رحمت جم کر برسا۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی کے مختلف علاقوں میں ایک گھنٹے تک بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔

 بارش کے بعد مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل

بارش کے بعد  کراچی کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔

عزیز آباد، سرجانی، ناظم آباد، لیاقت آباد،کورنگی کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوئی۔

گارڈن، نارتھ کراچی، اورنگی ٹاؤن کے مختلف علاقوں میں بھی بجلی کی فراہمی تعطل کا شکار ہوگئی، جبکہ  گلشن اقبال کے مختلف علاقوں  کے ساتھ ساتھ  لیاقت آباد سی ون ایریا میں بھی بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔

وزیر بلدیات سندھ ناصر شاہ کی پانی کی نکاسی کے لیے افسران کو ہدایت

وزیر بلدیات سندھ  ناصر حسین شاہ کا کہنا ہے کہ بارش کے پانی کی نکاسی کے لیے بلدیاتی اداروں کے افسران کو ہدایت دے دی گئی ہے۔

ناصر شاہ نے کہا کہ جہاں جہاں پانی جمع ہونے کے امکانات ہیں وہاں عملہ پہنچے اور پانی کے نکاس کو یقینی بنائے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ اہم شاہراہوں پر پانی کے نکاس کے ساتھ ٹریفک کی روانی کو بھی یقینی بنایا جائے۔

قومی خبریں سے مزید