• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امید ہے وزیرِ اعظم NFC ایوارڈ کا مسئلہ حل کرینگے: وزیرِ اعلیٰ بلوچستان

وزیرِ اعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو —فائل فوٹو
وزیرِ اعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو —فائل فوٹو

وزیرِ اعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو کا کہنا ہے کہ گوادر کی ترقی بلوچستان اور پاکستان کی ترقی ہے، امید ہے کہ وزیرِ اعظم این ایف سی ایوارڈ کا مسئلہ حل کریں گے۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف کی گوادر آمد کے موقع پر وہاں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ صوبائی بجٹ میں گوادر کے لیے 1652 ملین رکھے گئے ہیں، گوادر کے تعلیمی اداروں کے لیے 700 ملین روپے مختص کیے گئے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں غیر ضروری چیک پوسٹوں کو ختم کیا جا رہا ہے، گوادر کو پانی کی فراہمی کے لیے بھی بجٹ میں حصہ رکھا گیا ہے، صوبائی کابینہ کے اجلاس میں 200 سے زائد فیصلوں کی منظوری دی گئی، گوادر کی ترقی بلوچستان حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

وزیرِ اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ بجٹ میں گوادر اولڈ ٹاؤن کی ترقی کے لیے 3 ارب 30 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں، گوادر کے مسائل کا حل اور منصوبوں کی تکمیل ہمارا عزم ہے، بلوچستان میں صحت کارڈ کا اجراء کیا جا رہا ہے، صوبے میں 18 لاکھ خاندان صحت کارڈ سے مستفید ہوں گے۔

انہوں نے بتایا کہ کسانوں کے ریلیف کی فراہمی کے لیے کسان کارڈ کا اجراء کیا ہے، بلوچستان کا 612 ارب روپے کا بجٹ پیش کیا، بجٹ میں 70 فیصد جاری اور 30 فیصد نئی ترقیاتی اسکیموں کے لیے رقم مختص کی گئی، جس طرح وزیرِ اعظم شہباز شریف دلچسپی لے رہے ہیں یقیناً گوادر کے مسائل حل ہوں گے۔

وزیرِ اعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے یہ بھی کہا کہ وفاقی حکومت کو علیحدہ سے بلوچستان کی ترقی کے لیے کچھ کرنا پڑے گا، ہمیں امید ہے کہ وزیرِ اعظم بلوچستان کو ترجیح دیں گے، این ایف سی ایوارڈ نہ ہونے کی وجہ سے ہمیں مشکلات ہیں، اگر این ایف سی ایوارڈ ہو جائے تو بلوچستان کے بہت سارے مسائل حل ہو جائیں گے۔

قومی خبریں سے مزید