سندھ میں جاری پہلے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات کے دوران خیر پور کے وارڈ نمبر 16 کے پولنگ اسٹیشن نمبر 33 میں پولنگ کے عمل میں تاخیر ہوئی۔
پولنگ ایجنٹس کے مطابق مذکورہ پولنگ اسٹیشن میں دیے گئے بیلٹ پیپرز کی بکس میں سیریل نمبرز کا مسئلہ درپیش ہے، متعدد بیلٹ پیپرز کے سیریل نمبر غائب ہیں۔
تمام سیاسی جماعتوں کے پولنگ ایجنٹس کی جانب سے اس مسئلے کے باعث پولنگ شروع نہیں کرنے دی گئی ہے۔
اس پولنگ اسٹیشن پر ووٹرز کافی تعداد میں پہنچ گئے جنہیں شدید گرمی میں قطار میں لگے رہنے کے باعث پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔
خیر پور میں آج درجۂ حرارت 47 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلےمیں 14 اضلاع میں میدان سج گیا، جس میں 21 ہزار سے زائد امیدوار شریک ہیں۔
صبح 8 بجے شروع ہونے والی پولنگ شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی۔