• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سعودیہ کا آرمی چیف کیلئے’میڈل آف ایکسیلینٹ کلاس‘ کا اعزاز، وزیر اعظم کی مبارکباد

فوٹو: سوشل میڈیا
فوٹو: سوشل میڈیا

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو سعودی عرب کے ’کنگ عبد العزیز میڈل آف ایکسیلینٹ کلاس‘ کے اعزاز سے نواز دیا گیا، وزیر اعظم شہباز شریف نے آرمی چیف کو مبارک باد دی ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سعودی عرب کا سرکاری دورہ کیا، آرمی چیف نے جدہ میں ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی، جس میں انہیں باہمی تعلقات کے فروغ کی کاوشوں کے اعتراف پر ’کنگ عبد العزیز میڈل آف ایکسیلینٹ کلاس‘ سے نوازا گیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سعودی وزیر دفاع اور سعودی چیف آف جنرل اسٹاف بھی ملاقات میں موجود تھے، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ دفاعی و سکیورٹی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں مشترکہ تربیت، فضائی دفاع، انسداد دہشت گردی، مواصلات، انفارمیشن ڈومین کے شعبوں میں دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے کہا کہ فریقین نے دوستانہ تعلقات اور پائیدار اسٹریٹجک پارٹنرشپ کو فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا۔

اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اسلامی دنیا میں سعودی عرب کے منفرد مقام کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان سعودی عرب سے تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

دوسری جانب وزیر اعظم شہباز شریف نےآرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو کنگ عبدالعزیز میڈل سے نوازنے پر مبارکباد دی ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ آرمی چیف نے دونوں برادر ممالک کے درمیان دفاعی تعلقات مضبوط بنانے میں اہم کردارادا کیا، یہ پاکستان کے عوام اور مسلح افواج کے لیے بہت بڑا اعزاز ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم سعودی عرب کی سلامتی کو اپنا سمجھتے ہیں، بہترین دفاعی تعاون سمیت کثیرالجہتی دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

قومی خبریں سے مزید