پشاور (نمائندہ جنگ ) تائیوان میں منعقدہونے والی ایشین اسکواش چیمپئن شپ میں چھٹی مرتبہ ٹائٹل جیتنے والے پشاورکےاسکواش کھلاڑی فرحان محبوب حکومت خیبرپختونخوا اورصوبائی اسکواش ایسوسی ایشن کی جانب سے پذیرائی نہ ملنے پردلبراشتہ ہوگئے اورانہوں نے عامر اطلس ،دانش اطلس کی طرح پاکستان چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ پشاورپریس کلب کے پروگرام ملاقات میں اظہار خیال کرتے ہوئے فرحان محبوب نے بتایاکہ وہ گذشتہ دس سالوں سے پاکستان کے لئے کئی اعزازات جیت چکے ہیں، کئی مرتبہ ایشین اسکواش ٹیم ٹائٹل جیتا۔تیسری مرتبہ جیتا ہوں تاہم افسوس کے ساتھ کہنا پڑ رہا ہے کہ بیس روز گذرنے جانے کے باوجود ابھی تک نہ وزیر اعلیٰ پرویز خٹک، گورنر اقبال ظفر جھگڑا حتیٰ کہ صوبائی اسکواش ایسوسی ایشن نے مبارک باد تک نہیں دی ان حالات میں افسوس اور دکھ کے اور کیا ملے گا۔ عامر اطلس اور دانش اطلس بھی ان حالات سے دلبراشتہ ہوکر امریکہ چلے گئے ہیں اور انہوں نے آئندہ پاکستان کی جانب سے نہ کھیلنے کا فیصلہ کیا ہے۔اس موقع پرپاکستان اسکواش ٹیم کے سابق کوچ محبوب خان نے بتایاکہ وہ اپنا پیٹ کاٹ کر اپنے بچوں کوپاکستان کی نمائندگی کرنے کے لیے بیرون ممالک بھیج رہے ہیں۔حکومت اور ایسوسی ایشن کے عدم تعاون پر افسوس ہے اور وہ دلبرداشتہ ہیں۔