اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے پر عوام تو پریشان ہیں ہی، لیکن خیبرپختونخوا کے دور افتادہ ضلع اپر کوہستان میں نسوار مہنگی ہوئی تو ایک شہری ڈی پی او کے دفتر جا پہنچا، مہنگی نسوار فروخت کرنے اور کم وزن دینے کے خلاف درخواست دے دی۔
اپر کوہستان میں ہر چیز مہنگی ہوئی تو نسوار فروشوں نے بھی نسوار مہنگی کردی اور نسوار کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ مہنگائی کو قرار دیا اور کہا کہ خرچے پورے نہیں ہوتے۔ پھر بھی انہوں نے پُڑی کا وزن بڑھا دیا ہے۔
لوگ فکر مند ہیں کہ مہنگائی کے اس دور میں اشیائے ضروریہ کی چیزیں کیسے خریدیں، لیکن رضا اللّٰہ کو یہ پریشانی لاحق ہو گئی کہ نسوار کی قیمت میں دس روپے اضافہ کیوں ہوا؟
ڈی پی او کو دی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ یہ نا انصافی ہے، اس کا ازالہ کیا جائے۔
رضا اللّٰہ کی درخواست پر اسسٹنٹ کمشنر نے کارروائی کی، جس کے بعد نسوار تو سستی نہ ہوئی لیکن پُڑی کا وزن ضرور بڑھا دیا گیا ہے۔