بھارت کے معروف پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کی تصویر پنجاب میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی کے ملتان کے حلقے پی پی 217 سے امیدوار زین قریشی کے پوسٹر پر شائع ہوگئی۔
بھارتی پنجابی گلوکار شبھ دیپ سنگھ سدھو عرف سدھو موسے والا کے قتل نے ان کے لاکھوں مداحوں کو غم میں مبتلا کر دیا ہے، بھارت سمیت پاکستانی مداح سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر گلوکار کی مختلف تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرتے نظر آتے ہیں۔
اب سوشل میڈیا پر ایک سیاسی پوسٹر زیرِ بحث ہے جوکہ صوبہ پنجاب میں ہونے والے رواں ماہ کے ضمنی انتخابات کا ہے۔
یہ پوسٹر پی ٹی آئی کے ملتان کے حلقے پی پی 217 سے امیدوار زین قریشی کی سیاسی مہم کا ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ زین قریشی کے ساتھ بھارتی گلوکار سدھو موسے والا کی تصویر بھی شائع ہے۔
وائرل پوسٹر میں زین قریشی کی تصویر کے ساتھ، پی ٹی آئی کے چند عہدیداران کے نام اور تصویریں شائع ہیں، اس کے ساتھ ہی پوسٹر پر سدھو موسے والا کے سُپر ہٹ گانے ’295‘ کا حوالہ دیتے ہوئے گلوکار کی تصویر بھی شائع کی گئی ہے۔
دوسری جانب سابق وزیرِ خارجہ اور پی ٹی آئی کے نائب چیئرمین شاہ محمود قریشی کے صاحبزادے زین قریشی نے برطانوی نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے پوسٹر کے حوالے سے لاعلمی کا اظہار کیا۔
زین قریشی نے کہا کہ ’جس نے بھی سدھو موسے والا کی تصویر پوسٹر پر چھپوائی ہے، اُس کا شکریہ ادا کرتا ہوں کیونکہ اس تصویر کی وجہ سے یہ پوسٹر بہت زیادہ وائرل ہوگیا ہے، اس سے پہلے ہمارا کوئی پوسٹر اتنا وائرل نہیں ہوا‘۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ ’وہ یہ معلوم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ کس نے سدھو موسے والا کی تصویر پوسٹر پر چھپوائی اور اس کے پیچھے کیاوجہ ہے‘۔
واضح رہے کہ پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کو 29 مئی کی شام نامعلوم حملہ آوروں کی جانب سے فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا تھا۔