مسلم لیگ (ق) کے سینئر رہنما چوہدری پرویز الہٰی نے سپریم کورٹ کے آج کے فیصلے کی کھل کر تعریف کی اور اسے بڑا اچھا فیصلہ قرار دیا۔
سپریم کورٹ رجسٹری لاہور میں حمزہ شہباز کی پنجاب کی وزارت اعلیٰ کے معاملے پر کیس کی سماعت ہوئی، اس موقع پر فریقین بھی موجود تھے۔
چوہدری پرویز الہٰی نے سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ جو چیزیں ہم چاہتے تھے وہ مانی گئی، پنجاب اسمبلی کا اجلاس رولز کے مطابق ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ حمزہ شہباز نے سیاسی مداخلت اور پولیس استعمال نہ کرنے کا بھی کہا، 22 جولائی تک ہاؤس مکمل ہو جائے گا پھر الیکشن ہوگا۔
ق لیگی رہنما نے مزید کہا کہ 22جولائی کو اجلاس اسمبلی کی بلڈنگ میں ہوگا اور کہیں نہیں ہوگا، جو ماحول عدالت کے اندر بنا وہ عدالت کے باہر بھی رہنا چاہیے یہی جمہوریت ہے۔