• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈیلس، ڈاکٹر نور امروہوی کے اعزاز میں بین الاقوامی مشاعرے کا انعقاد


امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر ڈیلس میں بیوٹی آف ہمیونٹی، اردو گھر اور دیگر ادبی تنظیموں کے اشتراک سے اردو کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کرنے والی معروف ادبی شخصیت ڈاکٹر نور امروہوی کے اعزاز میں ’جشنِ نور امروہوی‘ کے عنوان سے شاندار تقریب اور بین الاقوامی مشاعرے کی محفل منعقد کی گئی۔

بین الاقوامی شعراء کے ہمراہ امریکا بھر سے آئے ہوئے شعراء  نے ڈاکٹر نور امروہوی کو ان کی ادبی خدمات پر زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔

تقریب اور مشاعرے کی محفل کو ڈیلس میں اردو ادب سے محبت کرنے والے افراد نے بھی خوب سراہا اور شعراء کو بھرپور داد و تحسین دے کر مشاعرے کو رونق بخشی۔

اس موقع پر ڈاکٹر نور امروہوی کی کتاب کی رونمائی سے حاصل ہونے والی رقم کو انہوں نے فلاحی کام سر انجام دینے والی تنظیم ’بیوٹی آف ہیومنٹی‘ کے نام وقف کر دیا۔

ہال میں موجود سیکڑوں حاضرین نے بھی کتاب کی فروخت میں بھرپور حصہ لیا اور فنڈکے ذریعے 13 ہزار ڈالر سے زائد رقم کے عطیات دیے۔

محفلِ مشاعرہ کی صدارت پاکستان کے نامور شاعر عباس تابش نے کی جبکہ مہمان خصوصی کے فرائض ڈاکٹر شمسہ قریشی نے انجام دیے، مشاعرے میں معروف مزاحیہ شاعر خالد مسعود، منظر بھوپالی، فاطمہ زہرا جبین، پروفیسر حماد خان، احمد شاہ غزالی، غضنفر ہاشمی، ڈاکٹر یاسمین کے علاوہ ڈاکٹر عامر سلیمان سمیت مقامی شعراء اور شاعرات نے ترنم اور تحت اللفظ میں سماجی، سیاسی، جذباتی، رومانوی اور طنز و مزاح کی شاعری کے ذریعے اظہارِ خیال کیا۔

تقریب موجود حاضرین نے بھی اس کا بھرپور لطف اٹھایا اور شعراء کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔

تقریب سے ڈاکٹر نور امروہوی نے اپنے خطاب میں حاضرین اور اردو ادب سے محبت کرنے والے دوستوں سے اظہارِ تشکر کیا، ان کا کہنا تھا کہ دوستوں کی بھرپور محبت نے آج ان کو یہ منزل عطاء کی ہے۔

انہوں نے اس موقع پر اپنی آپ بیتی بیان کی اور اپنی والدہ کی یادوں کو اس تقریب میں بیان کرتے ہوئے وہ آبدیدہ بھی ہو گئے۔

تقریب کی نظامت شاہ عالم صدیقی، کراچی ٹیلی ویژن کی معروف فنکارہ نیلوفر عباسی اور شازیہ خان نے کی۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید