پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی رہنما اسد عمر نے وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کو مفت بجلی کے معاملے پر چیلنج دے دیا۔
پی پی 140 شیخوپورہ میں پریس کانفرنس کے دوران اسد عمر نے کہا کہ چیلنج کرتا ہوں مفتاح اسماعیل ٹی وی پر آ کر مفت بجلی دینے کا اعلان کریں۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر خزانہ آئیں اور ٹی وی پر قوم کے سامنے کہیں کہ ہم مفت بجلی بھی دیں گے اور عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) سے معاہدہ بھی کریں گے۔
پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ شیخوپورہ میں بھی سرکاری وسائل کا بے دریغ استعمال ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قوم بڑی تعداد میں عمران خان کے بیانیے کے ساتھ کھڑی ہو گئی ہے۔
اسد عمر کا کہنا تھا کہ یہ وہ ہی لوگ ہی جنہوں نے کہا تھا ہم 12 روپے میں بجلی کا یونٹ دیں گے، انہوں نے کہا تھا بجلی پر 5 روپے یونٹ کی چھوٹ بارودی سرنگ ہے۔
اسد عمر نے یہ بھی کہا کہ یہ وہ ہی لوگ ہیں جنہوں نے کہا تھا کہ ہم 137 روپے لٹر پیٹرول دیں گے۔