سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی اور مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے پنجاب میں مفت بجلی دینے کے اقدام پر تنقید کرنے والوں کو جواب دیا ہے۔
ایک بیان میں مریم نواز نے پی ٹی آئی قیادت کے اقدام پر ردعمل دیا اور کہا کہ پنجاب میں غریب کو مفت بجلی دینے کے احسن اقدام کو عدالتوں میں لے جانے کے بجائے خیبرپختونخوا میں مفت بجلی دیں۔
انہوں نے استفسار کیا کہ خیبرپختونخوا کے ناداروں کو مفت بجلی نہیں دے رہے کیا صوبے کے وسائل فتنہ خان کو پالنے اور اُس کا خرچ اٹھانے کے لیے رکھ رکھے ہیں؟
مریم نواز نے پی ٹی آئی قیادت کا نام لیے بغیر طنز یہ انداز میں مشورہ دیا کہ محنت کریں، حسد نہ کریں۔
اس سے قبل پی ٹی آئی نے پنجاب کے عوام کو مفت بجلی کی فراہمی کے حکومتی اعلان کے حوالے سے سپریم کورٹ سے رجوع کیا ہے۔
گزشتہ روز وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے اعلان کیا تھا کہ 100 یونٹ بجلی استعمال کرنے والے غریب عوام کو مفت بجلی دی جائے گی اور مفت سولر پینل بھی دیا جائے گا۔
رہنما پی ٹی آئی فواد چوہدری نے سپریم کورٹ کو خط لکھ کر پنجاب حکومت کا فیصلہ چیلنج کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کو بحران سے نکالنے کے لیے وزیراعلیٰ کا فارمولا سیاسی فوائد کے لیے ہے، یہ فیصلہ عدالتی احکامات کی خلاف ورزی ہے کیونکہ عدالت نے انہیں کہا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب 22 جولائی تک صرف ضابطے کے اختیارات استعمال کریں گے۔
فواد چوہدری نے مزید کہا کہ حمزہ شہباز کا مفت بجلی دینے کا پیکیج ایک جعلی پیکیج ہے، اس کا مقصد عدالت سے حاصل ریلیف کو سیاسی فائدے کے لیے استعمال کرنا ہے۔