• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیاسی بحران پر بورس جانسن کی ملکۂ برطانیہ سے ملاقات

بورس جانسن نے ملکۂ برطانیہ سے ملاقات کی ہے— فائل فوٹو
بورس جانسن نے ملکۂ برطانیہ سے ملاقات کی ہے— فائل فوٹو  

برطانوی وزیرِ اعظم بورس جانسن نے ملک کو درپیش سیاسی بحران پر ملکۂ برطانیہ سے ملاقات کی ہے۔

 برطانوی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق وزیرِ اعظم بورس جانسن کو اپنی  کابینہ کے وزراء، پرائیویٹ پارلیمانی سیکریٹریز اور دیگر عہدے داروں کے استعفوں کے بعد نئے عہدے داروں کی تلاش ہے۔

رپورٹ کے مطابق اس سیاسی بحران کے دوران بورس جانسن نے ملکۂ برطانیہ سے معمول کے مطابق ہفتہ وار ملاقات کی۔

اس ملاقات کی تفصیلات ابھی فوری طور پر سامنے نہیں آئی ہیں۔

سینئر شاہی مبصر کرس شپ نے اس ملاقات پر تبصرہ کرتے ہوئےکہا ہے کہ ’سب حیران ہیں کہ ملکہ اور وزیرِ اعظم نے اس ملاقات میں کس حوالے سے گفتگو کی ہے‘۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ ’کیا بورس جانسن نے ملکۂ برطانیہ سے کابینہ کو تحلیل کرنے کے حوالے سے بات کی ہے یا پھر اس حوالے سے ملاقات کی کہ سیاسی بحران کے دوران آنے والے دنوں میں حکومت کس طرح کام کرنا جاری رکھ سکتی ہے‘۔

واضح رہے کہ برطانیہ کو بڑے سیاسی بحران کا سامنا ہے، لندن سے یہ اطلاعات سامنے آ رہی ہیں کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 38 وزراء، پرائیویٹ پارلیمانی سیکریٹریز اور دیگر عہدے دار حکومت سے علیحدہ ہو گئے ہیں۔

اس صورتِ حال میں بھی وزیرِ اعظم بورس جانسن اس بات پر ڈٹ گئے ہیں کہ وہ اپنے عہد سے مستعفی نہیں ہوں گے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق وزیرِ اعظم بورس جانسن نے کابینہ کے سینئر اراکین کے ساتھ ملاقات میں استعفے کے مشورے کو رد کر دیا اور ملک کو درپیش بڑے مسائل کو حل کرنے پر زور دیا۔

اُن کا کابینہ کے سینئر اراکین سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ’اس وقت استعفیٰ ملکی مفاد میں نہیں ہو گا‘۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید