امریکی ریاست الاسکا کے گہرے سمندر کا مطالعہ کرنے والے سائنسدانوں نے ایک نایاب شفاف مچھلی دریافت کی ہے جس کے جسم پر نارنجی دھبے ہیں اور اس کے جسم کے آر پار دیکھا جاسکتا ہے۔
محققین کے مطابق شفاف اور جیلی کی مانند اس مچھلی کا سائنسی نام کِرسٹلِچتھی سائیکلوسپائلس ہے لیکن اسے بلوچڈ اسنیل فِش کے نام سے جانا جاتا ہے۔
نیشنل اوشیانک اینڈ ایٹموسفیرک ایڈمنسٹریشن (NOAA) کے محققین نے گہرے سمندری ماحولیاتی نظام کا معمول کا جائزہ لینے کے لیے الاسکا کے جزائر کے ایک حصے پر ٹرول کرتے ہوئے سروے کے دوران بلوچڈ اسنیل فِش نامی یہ مچھلی دریافت کی۔
محققین کا کہنا ہے کہ یہ مچھلی خصوصی طور پر شمالی بحر الکاہل میں سطح سمندر سے 2,723 فٹ (830 میٹر) سے زیادہ نیچے زندہ رہ سکتی ہے۔ یہ مچھلی سمندری پودے اور ریڑھ کی ہڈی کے بغیر والے جانور رغبت سے کھاتی ہے۔
اس مچھلی کا شفاف جسم اور چھلکتا سرخ رنگ اسے گہرے اور تاریک سمندر میں چھپنے میں مدد دیتا ہے جہاں بمشکل ہی سورج کی روشنی پہنچتی ہے۔ لہٰذا ایک عام شخص کا ان مچھلیوں کو دیکھنا مشکل ہے ۔