وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت دی ہے کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر انتظامیہ فعال رہے، آلائشیں اٹھانے کا عمل یقینی بنایا جائے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس کے دوران عید کے دنوں میں صفائی کے نظام کا جائزہ لیا گیا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جس محکمے کی کارکردگی تسلی بخش نہیں ہوئی اس کی سرزنش کی جائے گی۔
وزیراعظم کو پنجاب میں عیدالاضحیٰ کے دوران صفائی کے انتظامات پر بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ واسا حکام مون سون کی بارشوں کے پیش نظر نالوں کی صفائی جاری رکھیں۔
انہوں نے ہدایت دی کہ عیدالاضحیٰ پر مری میں سیاحوں کی آمد پر ٹریفک کی روانی یقینی بنائی جائے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عید کی چھٹیوں میں بھارہ کہو سے مری تک فیملیز کے لیے مفت شٹل سروس چلائی جائے۔
انہوں نے حکام کو عید کے بعد محکموں کی کارکردگی سے متعلق تفصیلی رپورٹ بھی پیش کرنے کی ہدایت دی۔
اجلاس میں سلمان رفیق، خواجہ عمران نذیر، چیف سیکرٹری پنجاب، ایڈیشنل چیف سیکریٹری، آئی جی پنجاب اور کمشنر لاہور ڈویژن نے شرکت کی۔
سیکرٹری سیاحت، صوبائی و ضلعی انتظامیہ لاہور کے حکام بھی اجلاس میں شریک ہوئے جبکہ چیئرمین این ایچ اے اور کمشنر راولپنڈی ڈویژن وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں موجود تھے۔