لاہور میں پولیس نے تحریک انصاف کی کارنر میٹنگ پر چھاپہ مارکر اسلحہ رکھنے کے الزام میں چار افراد کو حراست میں لے لیا۔
رہنما تحریک انصاف فرخ حبیب نے کہا کہ گرفتار افراد پی ٹی آئی کے کارکن ہیں، انھیں رہا کیا جائے۔
یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ پولیس ہتھکنڈوں سے پی ٹی آئی کارکنان کے حوصلوں کو پست نہیں کر سکتی۔
دوسری جانب لاہور پولیس آپریشنز ونگ کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ملک نواز کی پرائیویٹ مارکی میں کارنر میٹنگ میں پرائیویٹ مسلح افراد موجود تھے۔
انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ مسلح افراد کا انتخابی مہم میں استعمال انتخابی ضابطہ اخلاق کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
ترجمان لاہور پولیس آپریشنز ونگ کا کہنا تھا کہ ملک نواز اعوان کے حامیوں نے پولیس کے ساتھ ہاتھا پائی کی، پرائیویٹ مسلح افراد کو حراست میں لے کر اسلحہ قبضے میں لے لیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی امیدوار کے کسی دفتر پر چھاپہ نہیں مارا۔