کراچی (این این آئی) اداکارہ اور چائلڈ پروٹیکشن ایکٹوسٹ نادیہ جمیل نے لاہور میں قتل کئے گئے 11سالہ گھریلو ملازم کامران کے قتل پر آواز بلند کرتے ہوئے مداحوں سے بھی اس جنگ میں ساتھ کھڑے ہونے کی اپیل کی ہے۔لاہور میں مکان مالکان نے 2کمسن گھریلو ملازمین کو فریج سے اشیاء نکالنے پر تشدد کا نشانہ بنایا تھا جس کے نتیجے میں ایک بچہ جاں بحق ہو گیا تھا۔اس معاملے پر جہاں عوامی سطح پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا جا رہا ہے وہیں اداکارہ نادیہ جمیل بھی میدان میں آ گئی ہیں۔انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے نادیہ جمیل نے ایک طویل پوسٹ کی اور قاتلوں کے خلاف آواز بلند کرتے ہوئے شدید برہمی کا اظہار بھی کیا۔نادیہ جمیل نے کہا کہ بچوں کا فریج سے کھانا لینا چوری نہیں ہوتی لیکن رپورٹ میں یہی لکھا گیا، مالکان کے بڑے بیٹے کے تشدد سے ایک بچہ جاں بحق ہو گیا جبکہ چھوٹا بھائی اسپتال میں زیر علاج ہے۔ اداکارہ نے کہا کہ پلیز آپس میں لڑنا چھوڑ دیں کیوں کہ اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ اقتدار میں شریف فیملی ہے، بھٹو ہے یا پھر عمران فیملی ہے، کیا آج تک کسی بھی لیڈر کے دور میں ہمارے بچوں کو تحفظ ملا ہے، کیا کسی بھی دور میں ایسا ہوا کہ بچوں نے سڑک پر بھیک نہیں مانگی؟ یا پھر بچے تشدد کا نشانہ نہیں بنے؟ میں نے تو یہ ملٹری دور میں بھی نہیں دیکھا، آنکھیں موڑ لینے کی بیماری ہمارے بچوں کی جان لیے جا رہی ہے۔ویڈیو میں اداکارہ نے ہاتھ جوڑ کر التجا کی کہ آواز اٹھائیں بچوں کے تحفظ کے لیے آواز اٹھائیں اور یہ دیکھیں کہ خون بہا کے طور پر یہ لوگ عظمی کے قاتلوں کی طرح رہا نہ ہو جائیں۔