• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف نے پیکا آرڈیننس آزاد سوچ کو بند کرنے کیلئے متعارف کروایا، پرویزالٰہی

لاہور(نمائندہ خصوصی)سپیکر چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ نواز شریف اور ان کے حواریوں نے پیکا آرڈیننس ”آزاد سوچ اور آوازوں“ کو ہمیشہ کےلئے بند کرنے کیلئے متعارف کروایا، یہ آرڈیننس صحافی برادری اور پاکستان کے عوام کے ساتھ حکومت کا امتیازی سلوک ہے، میڈیا ریاست کا چوتھا ستون ہے، اس کی آزادی پر مکمل یقین رکھتے ہیں۔ سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای) کے رہنماوں نے اسمبلی چیمبر میں ملاقات کی۔ ملاقات میں سی پی این ای کے صدر کاظم خان، ارشاد عارف، ایاز خان، شہریار تاثیر، ضیاءتنولی اور زبیر محمود شامل تھے۔ سپیکر چودھری پرویزالٰہی نے کونسل آف پاکستان نیوز پیپرایڈیٹرز کے مطالبات کی مکمل حمایت کرتے ہوئے پیکا آرڈیننس 2016 کو فوری طور پر منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کی آزادی پاکستان کی ترقی، سلامتی اور بقا کیلئے بھی انتہائی ضروری ہے، میڈیا کی آزادی پر کسی بھی قسم کی قدغن لگانا ہمارے اپنے مفاد میں نہیں، ہم نے ہمیشہ میڈیا کی آزادی اور اس کے ورکرز کی فلاح و بہبود کیلئے کام کیا، پاکستان مسلم لیگ کے دور حکومت میں الیکٹرانک میڈیا کے ریکارڈ لائسنس جاری ہوئے، اپنے دور حکومت میں بھی میڈیا کی تنقید کو کھلے دل سے قبول کرتے ہوئے ہمیشہ اصلاح کا پہلو لیا۔ چودھری پرویزالٰہی نے بین الاقوامی میڈیا کو ضمنی الیکشن کی کوریج کرنے کی دعوت دی تاکہ الیکشن کی شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔
ملک بھر سے سے مزید