لاہور ہائی کورٹ میں سابق وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید کی اینٹی کرپشن میں طلبی کے خلاف درخواست پر اعتراض سے متعلق سماعت کے دوران عدالت نے آئندہ سماعت تک اینٹی کرپشن کو شیخ رشید کو ہراساں کرنے سے روک دیا۔
لاہور ہائی کورٹ نے اینٹی کرپشن سے 27 جولائی کو جواب بھی طلب کر لیا۔
شیخ رشید کے وکیل نے کہا کہ ابھی ٹرانزیکشن مکمل نہیں ہوئی لیکن اینٹی کرپشن کا نوٹس آ گیا۔
انہوں نے کہا کہ پیسے مکمل نہیں ملے لیکن اینٹی کرپشن نے زمین کی فروخت کا لکھ کر نوٹس بھیج دیا۔
شیخ رشید نے عدالت کو بتایا کہ خریدنے والا پیسے نہیں دے رہا، قبضہ میرے پاس ہے۔
اس سے قبل جسٹس فاروق حیدر نے آفس کو شیخ رشید کی فائل پر نمبر لگانے کی ہدایت کی تھی۔
انہوں نے ریمارکس دیے تھے کہ آفس کے اعتراض کو جوڈیشل سائیڈ پر دیکھیں گے۔
شیخ رشید کے وکیل نے کہا تھا کہ درخواست پر آج ہی سماعت کر لیں کیونکہ اینٹی کرپشن نے طلب کیا ہے۔
جسٹس فاروق حیدر نے کہا کہ ابھی کیس کو نمبر لگنے دیں پھر دیکھیں گے۔
واضح رہے کہ اینٹی کرپشن حکام کے مطابق اسلام آباد کی ایک ہاؤسنگ سوسائٹی کی فروخت کی گئی زمین کی سرکاری فیس کی ادائیگی میں خورد برد کی گئی۔
اینٹی کرپشن پنجاب کے حکام نے شیخ رشید کو زمین کی فروخت کے ریکارڈ کے ساتھ آج اینٹی کرپشن ہیڈ آفس لاہور میں پیش ہونے کی ہدایت کی تھی۔