• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

راولپنڈی اسلام آباد میں شدید آندھی وطوفان، حادثات میں 8 افراد جاں بحق

اسلام آباد،پشاور ( نمائندگان جنگ…نیوز ایجنسیاں) راولپنڈی ،اسلام آباد اور پشاور سمیت مختلف علاقوں میں تیز آندھی،طوفان اور  بارش کے باعث مکانات کی چھتیں،دیواریں ،سائن بورڈز،درخت گرنے اوردیگرحادثات میں  15 افراد جاں بحق ،متعدد زخمی ہو گئے،راولپنڈی اسلام آباد میں   8افرادجاں بحق جبکہ خیبر پختونخوا میں 7کی جان گئی،طوفان کی رفتار148 کلومیٹر فی گھنٹہ تھی، درخت جڑوں سے اکھڑ گئے، میٹرو بس سروس معطل ہوگئی، کھمبے ،تاریں گرنے سے آدھے شہر کی بجلی بند  ہوگئی،کئی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو نقصان پہنچا،شدیدآندھی اورطوفان سے  جڑواں شہروں کے مختلف علاقوں میں بجلی  کے کھمبے ،درخت گر گئے،میٹرو بس اسٹیشنوں  کے شیشے ٹوٹ جانے  اور سکستھ روڈ سٹاپ کی چھت اڑ جانے کے باعث بس سروس معطل کر دی گئی   ، آندھی  کے ساتھ ہی راولپنڈی اسلام آباد کی بجلی غائب ہو گئی جو رات گئے تک بحال نہ ہو سکی،محکمہ موسمیات کے مطابق بدھ کی رات  راولپنڈی میں آندھی  148کلومیٹر فی گھنٹہ جبکہ اسلام آباد میں 120کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلی  ، آندھی کا دورانیہ بعض ایریاز میں 40 منٹ سے بھی زیادہ رہا ، راولپنڈی کے بعض علاقوں میں ہورڈنگ بورڈز بھی گر گئے اور زیادہ تر ہورڈنگز بورڈز پر لگی سکنز بھی غائب ہو گئیں ، روڈز پر لگے سگنلز بھی ٹوٹ گئے  جبکہ بعض جگہوں پر دیواریں گرنے کی بھی اطلاعات ملی ہیں ،مختلف جگہوں پر لگےٹریفک سگنل ٹوٹ کرسڑک پرآگرے ۔فاطمہ یونیورسٹی  میں نصب جہازی سائزکا سائن بورڈ کچہری چوک میں آگراجس سے ٹریفک متاثرہوئی ۔عمارچوک میں  بھی بڑاسائن بورڈ گرگیا اوردیگرسڑکوں پربھی کئی بورڈزاوردرخت گرگئ،میٹرو بس ذرائع کے مطابق طوفان تھمنے کے بعد نیسپاک کی ٹیم نے میٹرو کوریڈور کا سروے شروع کر دیا تاکہ نقصان کا تخمینہ لگایا جا سکے، بجلی کاپول گرنے سے سیونتھ ایونیو پر ٹریفک بند ہوگئی جبکہ تھانہ آبپارہ کی دیوار گر گئی، مارگلہ روڈ پر شالیمار گرائونڈ کے قریب درخت گرنے سے ٹریفک بند ہوگئی، جی سکس میں میلوڈی روڈ اور لال مسجد کے قریب درخت جڑوں سے اکھڑ گئے ، پولی کلینک کے قریب درخت گرنے سے سڑک بلاک ہوگئی جبکہ بلیو ایریا میں پلازوں پر آویزاں سائن بورڈ بھی اکھڑ گئے ہیں ، تیز آندھی سے موٹرسائیکل گرنے سے گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔اسلام آباد کی کچی آ بادیوں میں مکا نات کی چھتیں اڑ گئیں۔دیواریں گرگئیں، سبزی منڈی میں نجی سٹور کے قریب کھلی جگہ پر پڑی فروٹ کی خالی پیٹیوں میں اچانک آگ بھڑ ک اٹھی جس نے وہاں موجود دو ٹرکوں کو بھی جلا کر رکھ کردیا،سبزی منڈی پولیس کےمطابق فائر بریگیڈ کے فوراً پہنچ جانے کے باوجود تیز آندھی کی وجہ سے آگ رکنے کی بجائے پھیلتی گئی،  بعض لوگوں کا کہنا تھا کہ آگ بجلی کا تار گرنے سے لگی جبکہ پولیس جلتی سگریٹ پھینکنے کا نتیجہ قرار دے رہی ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ جلنے والے ٹرکوں کے بارے میں ابھی تفصیلات فراہم کرنے کی پوزیشن میںنہیں ہے، قریبی دکانوں کو خالی کرا لیاگیا ہے،شدید طوفان کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں نصب سائن بورڈز پر لگے جہازی سائز پینا فلیکس اتر کر بجلی کی تاروں اور کھمبوں پر جاگرے ،جسکی وجہ سے نرقی رو منقطع ہو گئی اور چونکہ رات گئے تک ان پینا فلیکس کو اتارا نہ جا سکا ،جسکے باعث شہر کے کئی علاقوں میں بجلی بحال نہ ہو سکی،پیر ودھائی گرڈ سٹیشن خراب ہونے کی وجہ سے دن گیارہ بجے سے آدھے شیر کی بجلی پہلے ہی بند تھی ،رات کو آنیوالے طوفان کے باعث دیگرعلاقوں مین بھی بجلی بند ہو گئی،جو رات گئے تک بحال نہ ہو سکی،موسم کی خرابی کی وجہ سے  پروازوں کا شیڈول درم برہم ہوگیا، پیرودھائی میں  132کے وی گرڈ سٹیشن میں خرابی کے باعث آدھے راولپنڈی کی  دن گیارہ بجے بند ہونے والی بجلی رات تک بحال نہ  ہوسکی۔اسلام آباد کے علاقے مارگلہ ٹاؤن میں ماں اور اس کی دو بچیاں، سیکٹر ایف سیون میں مدرسہ کا طالبعلم اور بارہ کہو میں ایک شخص جاں بحق ہو گیا،جبکہ 75 سے زائد افراد زخمی ہو گئے،راولپنڈی میں  تھانہ رتہ امرال کے علاقہ ڈھوک حسومیں ایک  میناروالی مسجد کے قریب مکان کی تیسری منزل کی دیوارمتصل ایک منزلہ مکان پر آگری جس  سے  20سالہ کنول دخترار شد، اوراس کا 18سالہ بھائی ماجد  جاں بحق ہوگیا جب کہ ان کی والدہ 40سالہ سلطانہ زوجہ ارشدزخمی ہوگئی  جنہیں ہولی فیملی ہسپتال منتقل کیا گیا ایس ایچ اورتہ امرال ملک افضل نے بتایاکہ کہ سلطانہ کی حالت خطرے سے باہر ہے۔تھانہ بنی کے علاقہ محلہ راجہ سلطان میں کباڑخانے کا ملازم  اظہرمحمود جاں بحق ہوگیا خیابان سرسید میں وزیرمحمد اورعارف کے زخمی ہونے کی اطلاعات  ہیں ہولی فیملی ہسپتال میں 28 زخمیوں کو لایا گیا جب کہ ڈسٹرکٹ ہیڈکوار ٹر ہسپتال  راولپنڈی  اوربے نظیربھٹوہسپتال میں  متعدد زخمیو ں کو لایا گیا۔ بدھ کی رات تیز آندھی کے نتیجے میں 25 سے زائد زخمی افراد کو پمز ہسپتال لایا گیا،تمام کی حالت خطرے سے باہر ہے اور انہیں ضروری طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ پولی کلینک میں کوئی بھی زخمی ہسپتال نہیں لایا گیا،راولپنڈی اسلام آباد اور گرد و نواح میں 120اور 148کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتارسے آنے والے طوفان، بارش اور گرج چمک کے بارے میں محکمہ موسمیات نےقبل از وقت کوئی اطلاع نہ دی اور نہ ہی عوام کو خبر دار کیا گیا جس کی وجہ سے راولپنڈی اسلام آباد اور دیگر علاقوں میں گاڑیوں پر درخت اور سائن بورڈ گر گئے جس کی وجہ سے زبردست جانی و مالی نقصان ہوا تاہم ڈی جی محکمہ موسمیات نے دعویٰ کیا کہ ہم نے ویب سائٹ پر طوفان کےآنے کی اطلاع کر دی تھی قابل ذکر بات یہ ہے طوفان میں زخمی ہونے والوں کےلئے ہسپتالوں میں بھی ہنگامی انتظامات نہ تھے ۔ سی ڈی اے نے اسلام آباد میں آنے والی شدید آندھی اور طو فان کی وجہ سے ہونے والے نقصانات کی وجہ سےایمر جنسی ڈ یکلئر کردی ہے ۔انہوں نے ایمر جنسی  اینڈ ڈزاسٹرمینجمنٹ اور انوائرمنٹ ونگ کے عملہ کو گھروں سے بلوا کر امدادی کا ر وائیوں میں حصہ لینے کی ہدایت کی۔ادھرپشاور اور گردونواح میں بدھ کی شام تیز آندھی اور طوفانی بارش کے نتیجے میں  نواحی علاقہ موسی زئی میں شیراکبر نامی شخص کے مکان کی چھت گرنے سےخاتون سدرہ اپنے 6ماہ کے بچے احمد سمیت جاں بحق ہو گئی جبکہ انکی دوبیٹیاں امبرین اور نوشین شدید زخمی ہوگئیں جنہیں ریسکیواہلکاروں نے فوری   ہسپتال منتقل کردیا۔ اسی طرح ٹیلہ بندمیں دیوار گرنے سے 6سالہ اسامہ ولد نوروز جاں بحق ہوگیا۔ پشاور کے مختلف علاقوں میں طوفانی بارش کی وجہ سے 20 سے زائد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں ۔اسی طرح خیبرایجنسی کی تحصیل جمرودمیں مکان کی چھت گرنے سے خاتون جاں بحق جبکہ تین بچے ملبے تلے دبنے سے 3بچے زخمی ہوگئے۔پشاور میں تیزآندھی کی وجہ سے کئی مقامات پرسائن بورڈزگرنے، درخت اکھڑنے اوربجلی کی تاریں گرنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں جس سے بجلی کا نظام درہم برہم ہوکررہ گیا اور پشاور کے متعدد علاقوں  کئی گھنٹوں تک بجلی  غائب رہی ۔  نوشہرہ میں شدید طوفان باد باراں اور خوفناک آندھی نے تباہی مچا دی، گھروں کی دیواریں، چھتیں گر گئیں، ایک شخص ہلاک درجنوں افراد زخمی ہوگئے ، خوشحال پورہ، نوشہرہ کلاں ، پبی ، اکوڑہ ، جہانگیرہ اور رسالپور میں بیشتر دکانداروں کے سائبان ہوا میں اڑنے لگے، مصری بانڈہ میں د رخت گرنے سے احسان علی ،چارسدہ کے علاقہ اتمان زئی میں چھت گرنے سے 8 سالہ بچہ عالم زیب ،لوئر  کرم ایجنسی  کے علاقہ میں حشمت مارکیٹ کی دیوار گرنے   ایک محنت کش جاں بحق ہو گیا جبکہ ایک گاڑی کو بھی نقصان پہنچا۔  
تازہ ترین