کراچی(اسٹاف رپورٹر) ایڈیلیڈ اوول کے کیوریٹر پاکستانی پچوں میں جان ڈالنے اور پاکستان گراونڈ اسٹاف کو جدید خطوط پر ٹریننگ دینے لاہور پہنچ گئے ہیں۔ پچ ماہر ڈیمیئن ہوف نے قذافی اسٹیڈیم لاہور کا دورہ کر کے پچز اور گراونڈ کی آؤٹ فیلڈ کا جائزہ لیا۔ڈیمیئن ہوف 2 ہفتے کے لیے پاکستان آئے ہیں وہ لاہور کے بعد ملتان، کراچی اور راولپنڈی میں موجود ٹیسٹ سینٹرز کا بھی دورہ کریں گے۔اتوار کوآسٹریلوی ماہر نے گراونڈ کی تیاری کے لیے استعمال ہونے والی مشینری کا بھی معائنہ کیا۔ اس موقع پر پی سی بی کیوریٹر ڈپارٹمنٹ کے سربراہ آغا زاہد نے ڈیمیئن ہوف کو بریفنگ دی۔آسٹریلوی ماہر پی سی بی کے کیوریٹرز اور مقامی کوچز کو پچز کی تیاری پر لیکچرز بھی دیں گے۔ڈراپ ان پچوں کا آئیڈیا ڈراپ ہونے کے بعد وہ آسٹریلوی مٹی سے کراچی اور لاہور میں پچ بنائیں گے۔پی سی بی نے پاکستان میں مختلف جگہ کی مٹی کی ٹیسٹنگ کرائی ہے اور اس ٹیسٹنگ کے نتیجے میں ایک مٹی 80فیصد بہتر کوالٹی کی پائی گئی ہے جس سے توقع ہے کہ پاکستانی مٹی سے بہتر کوالٹی کی پچیں بنائی جائیں گے۔اس سے قبل نندی پور کی مٹی سے ملک میں پچ بنتی تھی۔حال ہی میں کراچی اور لاہور کے پورے اسکوائر کو کھود کر نئی پچیں بنائی گئیں ہیں۔