• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی بالخصوص پورا ملک بالعموم کے تازہ ترین حالات دیکھ کر بچپن میں پڑھائے گئے ڈپٹی نذیر احمد کے ناول مراہ العروس کی یاد آگئی۔ کیوں یاد آئی اس کا ذکر ابھی ہوتا ہے۔ بچپن میں ایک اور بات بڑے فخر سے بتائی جاتی تھی کہ بھارتی حکومت امیر ہے جب کہ بھارتی عوام غریب ہے اور پاکستانی حکومت غریب ہے جب کہ پاکستانی عوام امیر ہے۔ اب جب ان دونوں باتوں کو ڈپٹی نذیر احمد کے ناول کے ساتھ دیکھا جائے تو اندازہ ہوگا کہ اصل میں بھارتی حکومت "اصغری" ہے اور پاکستانی حکومت "اکبری" ہے۔نئ نسل کے لئے یہ ذرا عجیب سی بات ہوگی تو ان کو سمجھانے یعنی back ground بتانے کے لئے مختصر سا تعارف یہ ہے کہ دو بہنیں ہوتی ہیں بڑی اکبری جو کہ لاڈ پیار میں بگڑی ہوئی عقل میں کم، بد سلیقہ اور کام چور۔ جب کہ اصغری چھوٹی بہن سوجھ بوجھ رکھنے والی، سگھڑ اور سلیقہ مند۔ دونوں کی شادی ایک ہی دو سگے بھائیوں سے ہوتی ہے۔ اکبری یعنی بڑی بہن کی شادی پڑھے لکھے عقل مند بھائی سے ہوتی ہے اور اصغری شادی چھوٹے بھائی سے جو کہ بگڑا ہوا کم عقل ہوتا ہے۔ اصغری اپنی عقل اور سلیقہ مندی سے شوہر کی برائیوں کو اچھائیوں میں بدلتی ہے اور کامیاب زندگی گزارتی ہے۔ دوسری طرف اکبری اچھا شوہر ملنے کے باوجود اپنے پھوہڑ پن سے گھر کو جہنم بنادیتی ہے اور مال بھی گنوا دیتی ہے۔ یہی سوچتے ہوئے خیال آیا کہ اصل میں پاکستانی اور بھارتی حکومتیں بھی ایسی ہی دو بہنیں ہیں۔ جن میں سے ایک نے سلیقہ مند ہونے کی بدولت مشکلات کا سامنا کیا اور ملکی بہتری کے لئے کام کیا یعنی بھارتی حکومت ، ناول کی اصغری۔ دوسری طرف پاکستانی حکومت، ناول کی اکبری، جس نے اپنی بد سلیقگی، پھوہڑ پن، ہمیشہ پیسہ برباد کیا، ہمیشہ ناقص حکمت عملی اختیار کی، جس کا فائدہ عوام کے بجائے چند لوگوں کو ملا اور مجموعی طور پر ملک میں بہتری نہ آسکی۔ ہر دور میں حکومت کی طرف سے یہی سنتے آئے ہیں کہ پیسہ نہیں وسائل کی کمی ہے۔ لیکن ہر دور میں جس طرح پیسہ اور وسائل کا ضیاع کیا گیا ہے اس کی مثال نہیں ملتی۔

minhajur.rab@janggroup.com.pk

تازہ ترین