راولپنڈی(اپنے رپورٹر سے) عدالت عالیہ کے ایک گھنٹے کے نوٹس پرکلرکہار پولیس نے اغوا شدہ لڑکی عدالت عالیہ میں پیش کردی ۔لڑکی کی طرف سے اغوا کرنے کی تصدیق کے بعد عدالت عالیہ نے بھائی کے ساتھ جانے کی اجازت دیدی۔عدالت عالیہ نے کورٹ روم خالی کراکر لڑکی کا بیان ریکارڈ کیا ۔لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ کے جسٹس راجہ شاہد محمود عباسی نے بہن کی بازیابی کیلئے محمد اعجاز کی رٹ پر ایس ایچ او کلرکہار کو حکم دیا تھا کہ وہ ڈی پی او کے نوٹس میں لاکر مغوی شگفتہ بی بی کو برآمد کرکے پیش کریں۔درخواست گزار نے حاتم خان وغیرہ پر اپنی بہن کے اغوا کا لزام لگایا تھا۔عدالت عالیہ کے حکم پر بدھ کو اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب ندیم بھٹی اور ایس ایچ او کلرکہار پیش ہوئے ۔