پاکستان مسلم لیگ (ق) کے رہنما مونس الہٰی کا کہنا ہے کہ ہم نے وزیر اعلیٰ صرف عمران خان کا بننا ہے، ن لیگ یا ان کے اتحادیوں کا وزیر اعلیٰ نہیں بننا۔
سینئر صحافی انصار عباسی سے گفتگو کرتے ہوئے مونس الہٰی نے کہا کہ آصف زرداری نے چوہدری شجاعت کو یقین دلایا ہے کہ پرویز الہٰی کو وزیراعلیٰ بنوا دیں گے۔
مونس الہٰی نے کہا کہ آصف زرداری نے چوہدری شجاعت کو کہا کہ پرویز الہٰی ن لیگ اور اتحادیوں کے امیدوار ہوں گے۔
رہنما ق لیگ نے مزید کہا کہ چوہدری شجاعت نے خط لکھا ہے کہ کسی کو ووٹ نہیں دینا۔
اس سے قبل پاکستان مسلم لیگ (ق) کے رہنما مونس الہٰی کا کہنا تھا کہ چوہدری شجاعت نے کہا ہے کہ عمران خان کے امیدوار کی حمایت نہیں کروں گا۔
مونس الہٰی نے سینئر صحافی حامد میر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ میں بھی ہار گیا ہوں، عمران بھی ہار گئے، زرداری جیت گئے ہیں۔
دوسری جانب مونس الہٰی نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پرویز الہٰی ہی وزارت اعلیٰ کے امیدوار ہوں گے۔
مونس الہٰی نے کہا کہ کل ق لیگ کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ساجد بھٹی کی زیر قیادت ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ اجلاس میں متفقہ فیصلہ ہوا تھا کہ پرویز الہٰی وزارت اعلیٰ کے امیدوار ہوں گے۔