• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میرے خیال میں ڈپٹی اسپیکر کا فیصلہ درست نہیں، اعتزاز احسن

پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور معروف وکیل اعتزاز احسن نے ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری کے فیصلے پر رائے دی اور کہا کہ میرے خیال میں ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی کا فیصلہ درست نہیں۔

پنجاب کی وزارت اعلیٰ کے لیے صوبائی اسمبلی کے اجلاس کی کارروائی میں ڈپٹی اسپیکر کے فیصلے پر اعتزاز احسن نے تبصرہ کیا اور کہا کہ یہ رن آف الیکشن ہے اور اس میں پرویز الہٰی جیت چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آرٹیکل 63 اے کا پہلا حصہ پارلیمانی پارٹی اور دوسرا حصہ پارٹی سربراہ کے اختیار پر ہے کیونکہ پارلیمانی پارٹی بہتر فیصلہ کرسکتی ہے۔

اعتزاز احسن نے مزید کہا کہ ق لیگ کے 10 کے 10 ارکان نے پرویز الہٰی کے حق میں فیصلہ کیا، منحرف اراکین کے خلاف کارروائی کے لیے پارلیمانی سربراہ پارٹی ہیڈ کو کہے گا۔

اُن کا کہنا تھا کہ آصف زرداری صاحب نے وہ کیا، جو سیاستدان کو کرنا چاہیے اور ان کا حق ہے، انہوں نے ووٹ مانگنے کی کوشش کی، یہ تو چوہدری شجاعت کے سوچنے کی بات تھی۔

معروف وکیل نے یہ بھی کہا کہ چوہدری برادران کے خاندان میں بہت بڑی دراڑ پڑ جائے گی، مونس الہٰی ایک طرف اور چوہدری سالک دوسری طرف ہوگئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ووٹ کی کوشش تو آخری دم تک بورس جانسن بھی کرتا رہا، اگر خط صرف ڈپٹی اسپیکر کے پاس گیا تو اس کی قانونی حیثیت نہیں۔

اعتزاز احسن نے کہا کہ بیسٹ تو میں نہیں کہتا لیکن بہتر حل تو فوری جنرل الیکشن ہی ہے، الیکشن کے بعد بھی مسائل ختم نہیں ہوں گے جو ہارے گا وہ مانے گا نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پارٹی میں اگر ایک گروپ بن جاتا ہے تو پارٹی ہیڈ کی ہدایات تو عوامی سطح پر اور اخباروں میں آنی چاہیے تھیں۔

قومی خبریں سے مزید