• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شاہ محمود کی آصف زرداری پر تنقید، بیماری کہہ دیا

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے آصف زرداری پر کھل کر تنقید کی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کے بعد لاہور میں صوبائی اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آصف زرداری سب پر بھاری نہیں بلکہ ایک بیماری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آصف زرداری نے جو یہ کھیل کھیلا ہے، اس سے پاکستان کی جمہوریت کو نقصان پہنچایا ہے۔

پی ٹی آئی وائس چیئرمین نے مزید کہا کہ ہم نے آئین کے اندر رہتے ہوئے ہر حربے کا مقابلہ کیا، ڈپٹی اسپیکر نے آئین کی دھجیاں اڑائیں، جو آپ کے سامنے ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ ہم نے سپریم کورٹ جانے کا فیصلہ بھی کیا ہے، ہم پر امید ہیں کہ آج رات یا کل صبح فی الفور ہمارا کیس سنا جائے گا۔

شاہ محمود قریشی نے یہ بھی کہا کہ چوہدری پرویز الہٰی کو 186 ووٹ پڑے، ق لیگ کے 10 ووٹ پارلیمانی لیڈر کی ڈائریکشن کے مطابق کاسٹ ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک بھر میں لوگ اس فسطائیت کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں، چوہدری شجاعت کے فیصلے خلاف ق لیگ اُن کے گھر کے باہر احتجاج کررہی ہے۔

قومی خبریں سے مزید