مسلم لیگ (ن) جاپان کے صدر ملک نور اعوان نے کہا ہے کہ چوہدری شجاعت حسین کے اصول اور انصاف پر مبنی فیصلے نے ملک میں جمہوریت کو بچالیا، دنیا بھر میں چوہدری شجاعت حسین کے خط کو پذیرائی ملنے لگی۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز پنجاب اسمبلی میں وزیراعلیٰ کے انتخاب کے موقع پر مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے اصول و انصاف پر مبنی فیصلہ کیا۔
انہوں نے ق لیگ کے ارکان کو پابند کیا تھا کہ وہ اپنے ووٹ حمزہ شہباز کو دیں لیکن ق لیگ کے ارکان نے چوہدری پرویز الہٰی کی ہدایات پر اپنے ووٹ تحریک انصاف کے امیدوار چوہدری پرویز الہٰی کو ڈالے۔
ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری نے چوہدری شجاعت کے خط کی بنیاد پر ق لیگ کے 10 ووٹ منسوخ کر دیے جس کے بعد حمزہ شہباز 3 ووٹوں کی برتری سے ایک بار پھر وزیراعلیٰ پنجاب منتخب ہوگئے۔
اس حوالے سے ن لیگ جاپان کے صدر ملک نور اعوان نے کہا کہ چوہدری شجاعت کے اصولی فیصلے نے ملک میں جمہوریت کو بچایا۔
ن لیگ کے سینئر رہنما اسد عثمانی نے کہا کہ اگر چوہدری شجاعت عمران خان کو ووٹ دینے کا کہتے تو وہ عمران خان کے لیے ہیرو ہوتے۔
اسد عثمانی کا یہ بھی کہنا تھا کہ چوہدری شجاعت نے عمران خان کے نمائندے کو ووٹ دینے سے روک دیا تو چوہدری شجاعت زیرو ہوگئے، ایسی سیاست اب نہیں چلے گی۔
مسلم لیگ (ن) سعودی عرب کے رہنما رانا خالد نے کہا کہ حقیقت میں چوہدری پرویز الہٰی نے چوہدری شجاعت حسین سے بےوفائی کی، چوہدری شجاعت تو آج تک پرانے اور اصولی موقف پر قائم ہیں۔
مسلم لیگ (ن) چِلی کے چیئرمین شیخ تنویر نے کہا کہ چوہدری شجاعت نے پاکستان کو اور جمہوریت کو بچایا۔
مسلم لیگ (ن) چلی کے صدر ضیا الحق نے کہا کہ عمران خان نہ صرف موجودہ حکومت بلکہ اگلی حکومت سے بھی فارغ ہوچکے ہیں۔