وزیرِاعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ پنجاب میں وزیراعلیٰ کے انتخاب میں چوہدری شجاعت نے عمران خان کے امیدوار کو ووٹ نہ دینے کا فیصلہ کیا، سندھ ہاؤس اور آصف زرداری پر الزامات بے بنیاد ہیں۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق پارٹی ہیڈ فیصلہ کرے تو اُس پر عمل ہوگا۔
وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ عمران خان کے اتحادیوں کی شکایت تھی کہ وہ اُن کی بات نہیں سنتے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت ہر صورت بلدیاتی انتخابات کروانا چاہتی تھی، اچانک سندھ حکومت کی مرضی کے برعکس فیصلہ ہوا۔
وزیرِاعلیٰ سندھ نے کہا کہ شادمان نالے کے واقعے پر شدید افسوس ہے، جب اس قسم کی قدرتی آفات آئیں تو بچوں کو سنبھالنا چاہیے۔
کراچی میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق انہوں نے کہا کہ اگلا میئر پی پی پی کا ہوگا، فیصلہ پارٹی کرے گی کہ کون میئر ہوگا۔
دوسری جانب وزیرِاعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے بارشوں کی پیشگوئی کے سلسلے میں نکاسی کے سسٹم کا جائزہ لیا۔
صوبائی وزراء شرجیل انعام میمن، ناصر شاہ اور مرتضیٰ وہاب بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
مراد علی شاہ نے آئی آئی چندریگر روڈ، سٹی اسٹیشن، ایم ٹی خان روڈ کا دورہ کیا، جبکہ ریلوے ٹریک کے ساتھ بنائے جانے والے نالے کا معائنہ کیا۔ مچھر کالونی نالے کا پانی سمندر میں گرنے کا بھی معائنہ کیا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ کل صبح 5 بجے سے پورا دن بارشوں کی پیش گوئی ہے، جبکہ بریفنگ کے دوران مراد علی شاہ کو بتایا گیا کہ اسٹیشن کا ٹریکس کے ساتھ نالے بنانے سے ریلوے ٹریک متاثر نہیں ہوگا۔
مراد علی شاہ نے ماڑی پور روڈ، نیا آباد، دریا آباد کے ساتھ ساتھ کھارادر، میٹھادر، لی مارکیٹ چوک کے علاقوں کا بھی دورہ کیا۔