• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لگتا ہے ن لیگ کل سپریم کورٹ پر حملہ آور ہوگی، فواد چوہدری

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ لگتا ہے ن لیگ کل سپریم کورٹ پر حملہ آور ہوگی۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ن لیگ عدلیہ کو ہدف بنارہی ہے اور عدالتی فیصلوں کی تضحیک کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ایک مافیا کی طرح کام کر رہے ہیں، عدلیہ کے خلاف بیانیہ بنانے کی کوشش کی جارہی ہے، فل کورٹ بنانا چیف جسٹس کا اختیار ہے۔

پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ عدالتی فیصلوں پر تنقید کی جاسکتی ہے تضحیک نہیں، اگر سپریم کورٹ کے ججز کی کردار کشی کی جائے تو اسے برداشت نہیں کیا جائے گا۔

اُن کا کہنا تھا کہ ن لیگ سب کچھ باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت کر رہی ہے، سپریم کورٹ کے حوالے سے ان کا رویہ سیسلین مافیا والا ہے۔

فواد چوہدری نے یہ بھی کہا کہ ملک قیوم کی ریکارڈنگ سب کے سامنے ہے، رفیق تارڑ نے کوئٹہ میں ججز کی خریدوفروخت کی تھی، احتساب جج ارشد ملک کی ویڈیو ریلیز کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے ججز کو بلیک میل کرنے کی کوشش کے نتائج بہت سخت ہوں گے، لگتا ہے ن لیگ کل سپریم کورٹ پر حملہ آور ہوگی۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ حمزہ شہباز منتخب وزیراعلیٰ نہیں ہیں، سپریم کورٹ نے پہلے ہی حمزہ شہباز کو ٹرسٹی یعنی خیراتی وزیراعلیٰ قرار دیا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ پنجاب کابینہ کی حلف برداری عدالتی حکم کی خلاف ورزی ہے، ہماری سیاسی کمیٹی نے سارے معاملے کو غور سے دیکھا، واحد حل عام انتخابات ہیں، الیکشن کمیشن کی تشکیل نو ہونی چاہیے۔

فواد چوہدری نے پی ڈی ایم سربراہ سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فضل الرحمان کا لہجہ بالکل مناسب نہیں ہے، وہ آئین کی حدود میں رہ کر گفتگو کیا کریں۔

قومی خبریں سے مزید