جوڈیشل مجسٹریٹ کراچی شرقی کی عدالت میں دعا زہرا کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔
ظہیر احمد نے دعا زہرا کو عدالت میں پیش کرنے کی درخواست کی، جس پر کورٹ نے انہیں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
عدالت نے کیس کے تفتیشی افسر کو سخت ہدایت جاری کیں اور کہا کہ دعا زہرا کو چائلڈ پروٹیکشن افسر کے ذریعے عدالت میں پیش کیا جائے۔
عدالت نے حکم میں کہا کہ جب دعا زہرا کو پیش کیا جائے تو کسی کو بھی ملنے نہ دیا جائے، پیشی کے وقت فریقین کے وکلاء کے سوا کوئی نہ ہو۔
درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ چائلڈ پروٹیکشن افسر کو کسٹڈی ملنے پر 24 گھنٹوں میں عدالت میں پیش کرنا ہوتا ہے۔
درخواست گزار نے مزید کہا کہ 24 گھنٹوں میں بچی کو پیش کرنے کا مقصد اس کے حقوق کا تحفظ کرنا ہے۔
اس پر وکیل مدعی مقدمہ نے کہا کہ جن دفعات کے تحت درخواست دائر کی گئی ہے، ان کا اطلاق نہیں ہوتا ہے، درخواست بد نیتی کی بناء پر دائر کی گئی ہے مسترد کی جائے۔