• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

350 کے قریب لوگوں نے عمران خان کو غیر ملکی ممنوعہ فنڈنگ کی، رانا ثناء اللّٰہ

وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا ہے کہ 350 کے قریب لوگوں نے عمران خان کو غیر ملکی ممنوعہ فنڈنگ کی ہے، ان کے چار ملازمین کے ناقابل تردید شواہد ہیں جن کے اکاؤنٹس میں تقریباً 750 ملین ڈالر آئے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ  فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ سنانے میں تاخیر ہو رہی ہے، ن لیگ اور دیگر اتحادی جماعتوں کا مطالبہ ہے کہ فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ جلد سنایا جائے۔

رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ انہیں فنڈنگ کرنے والے ایسے لوگ بھی ہیں جن کا تعلق بھارت اور اسرائیل سے ہے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ الیکشن کمیشن سے استدعا ہے کہ فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ سنائے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے 50 ارب روپے کی ڈکیتی کی، عمران خان نے آج تک اپنی کرپشن کا جواب نہیں دیا، اس نے  اپنے ارد گرد دو نمبر لوگ بٹھائے ہوئے ہیں۔

رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ قوم نے شناخت نہ کی تو عمران خان ملک کو حادثے سے دو چار کر دے گا،  عمران خان گمراہ ہیں اور دوسروں کو بھی گمراہ کر رہے ہیں۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ ماڈل ٹاؤن کا فیصلہ ہوچکا ہے، کسی کو علم نہیں تو اس کی کاپی فراہم کردوں گا، ماڈل ٹاؤن کیس میں میرے اور شہباز شریف کے خلاف کوئی بات ثابت نہیں ہوئی۔

رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ نواز شریف ہمیشہ سے انتخابات کا کہہ رہے ہیں، سیاسی مجبوریوں کے باعث انتخابات نہ کروانے کا فیصلہ کیا، ہم نے صرف بجلی کی قیمتیں بڑھائی ہیں، مہنگائی تحریک انصاف کے معاہدوں کی وجہ سے ہوئی ہے، ن لیگ کو ملک کو ڈیفالٹ سے نکالنے کا کریڈٹ ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر کا نام عمران خان نے دیا، چیف الیکشن کمشنر کو ہٹانے کے لیے اگر جوڈیشل کونسل میں جانا ہے تو تحریک انصاف جائے، دھمکیوں سے چیف الیکشن کمشنر کو تو نہیں ہٹایا جا سکتا۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ ن لیگ سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ حکومت ختم کرے، تحریک انصاف اپنی صوبائی حکومتیں تو پہلے ختم کرے، عمران خان کو چارٹر آف اکانومی کا کہا تو آگے سے گالیاں دینی شروع کر دیں۔

رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ 186 افراد کو وزیر نہیں بنایا تو ہفتہ بھر پنجاب حکومت چلے گی، تحریک انصاف اگر صوبائی اسمبلیاں ختم کردے تو عام انتخابات ہوں گے۔

قومی خبریں سے مزید