• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عوام کو پتا چلنا چاہیے عمران خان کس سے پیسے لیتا رہا، شاہد خاقان عباسی

فائل فوٹو
فائل فوٹو

مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ  فنانشل ٹائم جیسے ادارے نے کہا کہ عارف نقوی نے لندن میں کرکٹ میچ کروائے، عارف نقوی کی کمپنی سے 55 کروڑ کی رقم پی ٹی آئی اکاؤنٹس میں بھیجی گئی، عوام کو پتا چلنا چاہیے کہ عمران خان کس سے پیسے لیتا رہا۔

شاہد خاقان نے  الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کے دوران سابق وزیرِ اعظم عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی جماعت نے امریکی کمپنیوں سے پیسے وصول کیے، امریکا سمیت مختلف ممالک سے وصول پیسوں کا بڑا حصہ پاکستان پہنچایا ہی نہیں گیا۔

انہوں نے کہا کہ کیلیفورنیا اور ٹیکساس کی کمپنیوں سے پیسے وصول کر کے غیرجانبدار فیصلے نہیں ہو سکتے، کسی بھی غیر ملکی شخص یا کمپنی سے فنڈنگ حاصل کرنا غیر قانونی ہے، 8 سال ہوگئے الیکشن کمیشن پی ٹی آئی کی فارن فنڈنگ پر فیصلہ نہیں دے سکا۔

انہوں نے مزید کہا کہ فارن فنڈنگ کی ایک بڑی رقم ملک میں نہیں آئی، اب بھی ملک کے باہر اکاؤنٹس میں موجود ہیں، ہم نے آج الیکشن کمیشن سےدرخواست کی ہے کہ عوام کو پتہ چلے عمران خان کس سے پیسے لیتا رہا۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ہمارے ملک کا قانون کسی سیاسی جماعت کو کسی فارن گروپ سے پیسے لینے کی اجازت نہیں دیتا، یہاں رات کے اندھیرے میں عدالتیں کھلتی ہیں جو اپنے ہی فیصلوں کی نفی کر دیتی ہیں۔

شاہد خاقان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے الیکشن کمیشن کو کوئی ثبوت فراہم نہیں کیے گئے، اگر عمران خان کے ہاتھ صاف تھے تو پہلے دن ہی حساب دیتے، آج بھی عمران خان الیکشن کمیشن پر حملہ کر رہا ہے۔

قومی خبریں سے مزید