• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاہور: تحریک انصاف کے سبطین خان اسپیکر پنجاب اسمبلی منتخب

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سبطین خان 185ووٹ حاصل کرکے اسپیکر پنجاب اسمبلی منتخب ہوگئے۔

پنجاب اسمبلی میں اسپیکر کے انتخاب کے لیے پولنگ کا عمل اور ووٹوں کی گنتی کے بعد پینل آف چیئرمین وسیم بادوزئی نے سبطین خان کی کامیابی کا اعلان کیا۔

پینل آف چیئرمین نے کہا کہ تحریک انصاف کے سبطین خان ایوان کے نئے کسٹوڈین ہوں گے، جبکہ سبطین خان کی کامیابی پر تحریک انصاف کے اراکین نے ایوان میں نعرے بھی لگائے۔

سبطین خان 185 ووٹ لے کر اسپیکر پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے، ان کے مقابلے میں مسلم لیگ ن کے امیدوار سیف الملوک کھوکھر کو 175 ووٹ ملے،  اسپیکر کے انتخاب کے لیے مجموعی طور پر 364 ووٹ کاسٹ ہوئے، جن میں سے 4 ووٹ مسترد ہوئے، مسترد ووٹوں میں ایک پی ٹی آئی اور 3 اپوزیشن امیدوار کے تھے۔

ن لیگ اوراتحادی جماعتوں کے امیدوار سیف الملوک نے سبطین خان کو کامیابی پرمبارک باد دی۔

بعد ازاں سبطین خان نے بطور اسپیکر پنجاب اسمبلی حلف اٹھالیا، پینل آف چیئرمین وسیم خان بادوزئی نے سبطین خان سے حلف لیا۔

ڈپٹی اسپیکر کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر بھی آج ہی رائے شماری ہو رہی ہے، پی ٹی آئی نے ڈپٹی اسپیکر کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کروا رکھی ہے۔

 پنجاب اسمبلی میں اسپیکر کے انتخاب کے لیے ووٹنگ شروع ہونے کے بعد پی پی 254 سے افتخار گیلانی نے پہلا ووٹ کاسٹ کیا، افتخار گیلانی علالت کے باعث وہیل چیئر پر ووٹ ڈالنے آئے۔

مسلم لیگ (ن)  کے رکن راجہ صغیر کے ووٹ کاسٹ  کرنے کے دوران پی ٹی آئی ارکان نے لوٹا، لوٹا کے نعرے لگائے۔

چوہدری پرویز الہٰی کے وزیر اعلیٰ منتخب ہونے پر اسپیکر کا عہدہ خالی ہوگیا ہے۔

پولنگ کیلئے اسپیکر ڈائس کے دائیں جانب بوتھ نمبر ایک بنایا گیا تھا، بوتھ نمبر ایک میں پی پی ایک سے پی پی 185 تک ارکان اسمبلی نے ووٹ کاسٹ کیے۔

اسپیکر ڈائس کے بائیں جانب بوتھ نمبر 2 بنایا گیا، جہاں پی پی 186 سے لیکر دیگرتمام حلقوں کے ارکان نے بوتھ نمبر2 میں ووٹ کاسٹ کیے۔

اسمبلی میں موبائل فون لے جانے پر پابندی

پنجاب اسمبلی میں اسپیکر کے انتخاب کے دوران موبائل فون لے جانے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

اسمبلی سیکریٹریٹ نے اسپیکر پنجاب اسمبلی کے انتخاب کے دوران اسمبلی میں موبائل فون لے جانے پر پابندی عائد کی ہے۔

اسمبلی سیکریٹریٹ کے اعلامیے کے مطابق پریس گیلری میں بھی فون لے جانے کی اجازت نہیں ہو گی۔

اعلامیے میں واضح طور پر بتایا گیا کہ اسپیکر پنجاب اسمبلی کا انتخاب خفیہ رائے شماری کے ذریعے ہورہا ہے، ووٹ کی سیکریسی کے پیش نظر موبائل فون پر پابندی لگائی گئی ہے۔

قومی خبریں سے مزید