کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)لواحقین نے لاش شناخت کیے بغیر دفنائی،زیارت آپریشن کا ظہیر احمد زندہ سلامت منظر عام پر آگیا،قبائلی رہنماسردار نور احمد بنگلزئی نے کہا ہے کہ ملک دشمن قوتوں کی نظریں بلوچستان پر لگی ہوئی ہیں ان کی باتوں میں نہ آئیں چند عناصر جنہیں باہر سے فنڈنگ ہورہی ہے وہ لاپتہ افراد کے نام پر مہم چلارہے ہیں ، زیات آپریشن میں مارے جانے والے لاپتہ ظہیر احمد منظر عام پر آگئے ہیں،لواحقین نے لاش کو شناخت کے بغیر دفن کیا تھا ظہیر احمد زندہ ہیں، چند افراد کیلئے جوڈیشل کمیشن نہ بنایا جائے بلکہ زیارت کے پورے واقعہ کی تحقیقات کیلئے بنایا جائے یہ تحقیقات بھی کی جائے کہ آیا زیارت آپریشن میں مارے گئے لوگ واقعی لاپتہ تھے ، جوڈیشل کمیشن دہشت گرد تنظیموں کی بھتہ وصولی کی بھی تحقیقات کرے۔ یہ بات انہوں نے جمعہ کو اپنی رہائش گاہ پر لاپتہ قرار دئیے جانے والے ظہیر احمد بنگلزئی اور ان کے بھائیوں خور شید احمد بنگلزئی اور میر غلام حیدر بنگلزئی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔