• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

راولپنڈی: اڈیالہ روڈ گلشن آباد میں پہاڑ سرکنے لگا، متعدد گھروں کے ملبے تلے دبنے کا خدشہ

علامتی فوٹو
علامتی فوٹو

راولپنڈی کے علاقے اڈیالہ روڈ گلشن آباد میں پہاڑ سرکنے لگا جس کے باعث متعدد گھروں کے ملبے تلے دبنے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔

پہاڑ سرکنے کے باعث ایک گھر لینڈ سلائیڈنگ کے نیچے دب گیا جبکہ پہاڑ سرکنے اور لینڈ سلائیڈنگ سے شاہراہ میں شگاف پڑ گیا ہے۔

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ پہاڑ کے سرکنے سے زمین دھنستی جارہی ہے، جس سے بڑا سانحہ پیش آنے کا خطرہ ہے، پہاڑی سے نیچے آبادی خطرے میں ہے انتظامیہ نوٹس لے۔

کمشنر راولپنڈی کا کہنا ہے کہ پہاڑ سرکنے کی وجہ نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کی پہاڑ کی غیر قانونی کٹائی ہے، ہاؤسنگ سوسائٹی کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔

کمشنر راولپنڈی نے اسسٹنٹ کمشنر اور ڈپٹی کمشنر کو متاثرہ علاقے پہنچنے کی ہدایت کردی۔

ریسکیو حکام کے مطابق امدادی ٹیمیں جائے حادثہ کی طرف روانہ کردی گئیں۔

ڈسٹرکٹ ایمرجنسی افسر کا بیان

ڈسٹرکٹ ایمرجنسی افسر راولپنڈی کا کہنا ہے کہ لینڈ سلائیڈنگ سے جو گھر گِرا وہ زیر تعمیر تھا، متاثرہ علاقے میں آس پاس زیادہ تر گھر زیر تعمیر ہیں۔

ڈسٹرکٹ ایمرجنسی افسر کے مطابق متاثرہ پہاڑی کے قریبی علاقوں سے لوگوں کو نکال لیا گیا ہے اور لوگوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ متاثرہ علاقے سے منتقل ہوں جائیں۔

ایمرجنسی افسر نے مزید کہا کہ ہاؤسنگ سوسائٹی انتظامیہ کو یکم اگست کو کمشنر آفس بلایا گیا ہے۔

قومی خبریں سے مزید