• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: صبح سویرے بارش کے بعد کئی سڑکوں پر پانی جمع

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

کراچی کے مختلف علاقوں میں صبح 6 بجے ہونے والی بارش کے نتیجے میں کئی سڑکوں پر پانی جمع ہو گیا جبکہ کچھ علاقوں سے اب تک گزشتہ بارشوں کا پانی بھی نہیں نکالا جا سکا ہے۔

کراچی میں سرجانی ٹاؤن، نارتھ کراچی، نیو کراچی، یوپی موڑ، ناگن چورنگی، نارتھ ناظم آباد، ناظم آباد، لسبیلہ چوک، گارڈن، گرومند، نمائش چورنگی، صدر، برنس روڈ، آئی آئی چند ریگر روڈ، لانڈھی، کورنگی، ملیر سمیت مختلف علاقوں میں بارش ہوئی۔

مزید ہلکی بارش کا امکان

محکمۂ موسمیات کے مطابق کراچی میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مطلع جزوی ابر آلود رہے گا، جبکہ ہلکی بارش کا بھی امکان ہے۔

شہرِ قائد میں کم سےکم درجۂ حرارت 26 ڈگری سینٹی گرڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 31 سے 33 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔

کراچی میں جنوب مغرب کی سمت سے 14 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، جن میں نمی کا تناسب 80 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔

پانی کہاں کہاں موجود ہے؟

بارش کے نتیجے میں نارتھ ناظم آباد میں سخی حسن چورنگی، فائیو اسٹار چورنگی اور کے ڈی اے چورنگی پر موجود پلوں پر چڑھنے اور اترنے والے راستے میں پانی جمع ہو گیا جس کی وجہ سے ٹریفک کو دشواری کا سامنا ہے۔

گزشتہ بارشوں کے بعد اردو بازارکی گلیوں میں تاحال کیچڑ ہی کیچڑ ہے، سوبھراج اسپتال کے اطراف بارشوں کے بعد کیچڑ اور گندا پانی موجود ہے۔

سوبھراج اسپتال آنے والے مریضوں، ڈاکٹروں اور عملے کو کیچڑ سے گزرنا پڑ رہا ہے۔

آئی آئی چندریگر روڈ اور اس سے متصل گلیوں میں جنگ اور جیو کے دفاتر کے قریب کئی جگہوں پر بارش اور گٹر کا پانی تاحال جمع ہے جس میں ناصرف مچھروں کی افزائش ہو رہی ہے بلکہ اس سے سڑک پر جگہ جگہ گڑھے بھی پڑ رہے ہیں۔

سٹی کورٹ کے اندر بھی تاحال سیوریج کا پانی جمع ہے۔

ملیر اور ماڈل کالونی کے مرکزی روڈ پر بھی بارش کا پانی جمع ہے، جس کے باعث روڈ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے۔

قومی خبریں سے مزید