وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے ممنوعہ فنڈنگ کیس کے فیصلے پر ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان صادق اور امین نہیں، وہ پارٹی چیئرمین کے عہدے سے فوری استعفیٰ دیں۔
ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ چور، جھوٹے، فارن فنڈنگ، منی لانڈرر آخر 8 سال بعد پکڑے گئے، عمران خان جھوٹے اور جعلساز ہیں، جس پر الیکشن کمیشن نے مہر لگا دی ہے۔
مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ عمران خان نے اسرائیل، بھارت، امریکا، کینیڈا سمیت دیگر ملکوں سے فارن فنڈنگ لی۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے غیر قانونی فنڈنگ سے پاکستان میں فتنہ برپا کیا، انہوں نے 351 غیر ملکی کمپنیوں اور 34 غیر ملکیوں سے فنڈنگ لی۔
وزیرِ اطلاعات کا مزید کہنا ہے کہ عمران خان نے جعلی اور جھوٹے بیانِ حلفی جمع کرائے، 13 غیر قانونی بینک اکاؤنٹس عمران خان خود چلاتے رہے اور الیکشن کمیشن سے چُھپاتے رہے۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ عمران خان نے عالمی فراڈیوں سے خیرات کے نام پر پیسے بٹورے اور جعل سازی کی۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے ممنوعہ فنڈز لیے ہیں۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ آج 8 سال بعد چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے سنایا۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے پاکستان تحریکِ انصاف کو شوکاز نوٹس بھی جاری کیا گیا ہے۔