• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ٹی آئی فارن ایڈڈ پارٹی ثابت ہوچکی، ڈکلیئریشن جاری کریں گے، رانا ثناءاللّٰہ

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) فارن ایڈڈ پارٹی ثابت ہوچکی ہے، ایسی جماعت کے خلاف ڈکلیئریشن جاری کرنا لازمی ہے۔

پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن کے فیصلے پر رانا ثناء اللّٰہ نے وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کے ہمراہ پریس کانفرنس کی۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں حقائق کی بنیاد پر تحریک انصاف کو غیر ملکی امداد پر چلنے والی جماعت قرار دے دیا ہے۔

وزیر داخلہ نےمزید کہا کہ قانون کے مطابق ایسی پارٹی کے خلاف 15 دن میں ڈکلیئریشن جاری کرنا وفاقی حکومت پر لازم ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ حکومت الیکشن کمیشن کے فیصلے پر مطمئن ہونے کے بعد ڈکلیئریشن سپریم کورٹ بھیجے گی، جسے سپریم کورٹ کا فل بینچ دیکھے گا۔

رانا ثناء اللّٰہ نے یہ بھی کہا کہ سپریم کورٹ نے وفاقی حکومت کا ڈکلیئریشن برقرار رکھا تو پی ٹی آئی بطور پارٹی ختم ہوجائے گی۔

وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ ایک آئینی ادارے نے عمران خان کو چور اور جعلساز ڈکلیئر کیا ہے، معاملہ حکومت کے پاس آئے گا تو قوم دیکھے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت فارن ایڈڈ پارٹی سے متعلق قانون پر عمل درآمد کرے گی۔

قومی خبریں سے مزید