پیپلز پارٹی کے سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن کے فیصلے کو ٹریلر قرار دیا ہے۔
سینیٹر پلوشہ خان کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ ابھی تو ٹریلر آیا ہے فلم آگے آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ دنیا کی سب بڑی منی لانڈرنگ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے کی، یہ بہت بڑا جرم ہے، اسے نہیں چھوڑنا چاہیے۔
پی پی سینیٹر نے مزید کہا کہ عوام کو پتہ چل چکا آپ نے کیا کیا، پی ٹی آئی کے لیے یہ تباہی ہے، جتنی کڑی سزا خلاف ورزی پر ہو سکتی ہے دیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ اکبر ایس بابر نے 2014ء میں کیس فائل کیا، جس کے بعد پی ٹی آئی نے پیپلز پارٹی پر کیس کردیے۔
سلیم مانڈوی والا نے یہ بھی کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کو پی ٹی آئی کی منی لانڈرنگ کے فارنزک آڈٹ کے لیے لکھوں گا، معاملے کی تحقیقات کے لیے کابینہ کمیٹی یا کمیشن تشکیل دیا جانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے 6 ماہ میں فیصلہ کرنے کے معاملے پر بھی ریفارمز لائیں گے۔