• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس کے فیصلے نے بیرونی سازش کا پول کھول دیا، حمزہ شہباز

مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس کے فیصلے نے بیرونی سازش کا پول کھول دیا۔

الیکشن کمیشن کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ 8 سالہ طویل انتظار کے بعد ممنوعہ فنڈنگ کے فیصلے سے بیرونی سازش کا پول کھل گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ اُس بیرونی ساز ش کی محض 2013ء تک کی تفصیلات ہیں، پوچھنا تھا کہ عمران نیازی نے اس کے بعد ملک سے کھلواڑ کرنے کے لئے کن ممالک سے پیسے پکڑے؟

ن لیگی رہنما نے مزید کہا کہ عمران نیازی نے امریکا، بھارت اور دیگر ملکوں کے شہریوں اور کمپنیوں سے پیسے لےکر فتنہ اور فساد برپا کیا، بیرونی فنڈنگ سے معصوم ذہنوں میں زہر گھولا گیا۔

اُن کا کہنا تھا کہ عدالتی صادق و امین کو باقاعدہ ثبوتوں نے جھوٹا اور منی لانڈرر ڈیکلیئر کر دیا، عمران خان نے اس فنڈنگ سے پاکستان کی جڑیں کھوکھلی کیں۔

حمزہ شہباز نے یہ بھی کہا کہ عمران خان نے سی پیک کے کام کو ٹھپ کرکے ملکی معیشت اور ترقی کی کمر توڑ دی۔

قومی خبریں سے مزید