• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سکھر : نساسک کی نااہلی،رمضان سے قبل شہر میں گندگی کے ڈھیر

سکھر(بیورو رپورٹ) رمضان المبارک کی آمد کے باوجود محکمہ نساسک اور انتظامیہ شہر میں صفائی ستھرائی کا نظام بحال کرنے میں مکمل طور پر ناکام ثابت ہوئی ہے۔ انتظامی افسران کی جانب سے رمضان المبارک کی آمد کے موقع پر عوام کو یہ نوید سنائی گئی تھی کہ شہر میں صفائی ستھرائی کا نظام بحال رکھا جائے گا۔ سیوریج کے پانی اور گندگی کو کسی بھی علاقے میں برداشت نہیں کریں گے، ہنگامی بنیادوں پر صفائی ستھرائی کے نظام کو بحال کرنے کے لئے متعلقہ انتظامیہ کو احکامات دے دیئے ہیں، دوسری جانب محکمہ نساسک کی انتظامیہ بھی اکثر وبیشتر یہ دعوے کرتی ہے کہ شہر میں صفائی ستھرائی کا نظام ہنگامی بنیادوں پر بحال کیا جا رہا ہے لیکن تقریبًا 8سال گزر جانے کے باوجود شہر میں صفائی کی نا گفتہ بے صورتحال نے عوام کو سخت مشکلات سے دوچار کر رکھا ہے، جمعرات کے روز بھی واریتڑ روڈ، بندر روڈ، ریس کورس روڈ، مینارہ روڈ، بیراج کالونی، پرانا سکھر سمیت دیگر علاقوں میں گندگی کے ڈھیر موجود رہے اور ڈھک روڈ، جناح چوک،نشتر روڈ سمیت دیگر علاقوں میں سیوریج کے پانی نے بھی لوگوں کو دہری اذیت میں مبتلا کیا، حیرت انگیز طور پر محکمہ نساسک کی جانب سے جو کوڑا دان شہر کے مختلف علاقوں میں رکھے گئے ہیں، ان کوڑا دانوں میں کئی کئی روز تک کچرا موجود رہنے اور کوڑا دان بھر جانے کے بعد کچرا سڑک پر پھیلنے کے باعث ٹریفک کا نظام متاثر ہونے کے ساتھ ساتھ گندگی سے اٹھنے والے تعفن سے علاقے کے لوگوں کو شدید مشکلات پیش آتی ہیں، حکومت، وزارت بلدیات اور انتظامیہ کوئی بھی محکمہ نساسک کی ناقص کارکردگی کا نوٹس لینے کو تیار نہیں۔شہریوں نے حکومت سندھ خاص طور پر وزیراعلیٰ سندھ ، قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سمیت حکومتی وزراء، منتخب نمائندوں سے صورتحال کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیاہے۔
تازہ ترین