• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈارلنگز او ٹی ٹی پر کیوں ریلیز کی؟ عالیہ بھٹ نے وجہ بتادی

عالیہ بھٹ نے اپنی فلم ’ڈارلنگز‘ کو بڑے پردے کے بجائے ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر ریلیز کرنے کی وجہ بتادی۔

عالیہ بھٹ جو ڈارلنگز کی شریک پروڈیوسر اور اداکارہ ہیں، نے فلم کی ریلیز کے لیے ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے انتخاب کے اپنے فیصلے پر بات کی۔

شاہ رخ خان کی ریڈ چلیز انٹرٹینمنٹ کے ساتھ مل کر عالیہ بھٹ نے ڈارلنگز کو پروڈیوس کیا ہے، جو آج 5 اگست کو نیٹ فلکس پر ریلیز ہورہی ہے۔

فلم ڈارک کامیڈی ہے، جس میں عالیہ بھٹ، شیفالی شاہ اور وجے ورما مرکزی کردار نبھارہے ہیں، اسے جسمیت کے رین نے بطور ڈیبیو ہدایت کار تکمیل تک پہنچایا ہے۔

اداکارہ نے ایک انٹرویو میں فلم کے سینما کے بجائے او ٹی ٹی پر ریلیز سے متعلق انکشاف کیا، انہوں نے بتایا کہ ہاں، فلم کی ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر ریلیز کا منصوبہ ابتدا ہی میں بنالیا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ڈارلنگز سے متعلق ہماری ابتدائی بات چیت 2019ء میں ہوئی، 2020 میں پوری دنیا لاک ڈاؤن میں چلی گئی، پھر ہم نے اس پر بات کی۔

اداکارہ نے یہ بھی کہا کہ طے پایا کہ ڈارلنگز جس قسم کی فلم ہے، ایسے مواد کے لیے نیٹ فلکس جیسا پلیٹ فارم ہی اچھا ثابت ہوگا کیونکہ او ٹی ٹی کی وجہ سے دنیا بہت چھوٹی ہوگئی، ہمیں تمام زبانوں کا مواد ایک جگہ پر مل رہا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ دراصل ڈیجیٹل پلیٹ اب ایسی جگہ بن گئی جو ہر ایک کی پہنچ میں ہے، چاہے ہم فلمی میلے میں ہوں یا پھر فلائٹ میں، ہم یہ مواد دیکھ سکتے ہیں۔

عالیہ بھٹ نے کہا کہ میں منفی طور پر نہیں کہہ رہی، ڈارلنگز ویسی فلم نہیں جیسی گنگوبائی کاٹھیاواڑی تھی، یہ تو کرداروں، اُن کی زندگیوں اور سفر کی پیچیدگی پر مشتمل کہانی ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ گنگوبائی کو بڑے پردے پر ہی دیکھنا اچھا ہے، ڈارلنگز آپ کہاں، کیسے اور کتنی بار دیکھتے ہیں؟ اس سے مجھے کوئی فرق نہیں پڑتا، خوشی ہے اسے نیٹ فلکس پر ریلیز کیا جارہا ہے۔

دوران انٹرویو عالیہ بھٹ نے بتایا کہ میرے والد، والدہ اور نیتو آنٹی کو ڈارلنگز بہت پسند آئی، انہوں نے فلم کی خوب تعریف کی، یہ وہ لوگ ہیں جو مجھے جانتے ہیں اور انہیں صرف تعریف کرنے کی ضرورت نہیں، یہ مجھے زمین پر رکھنا چاہتے ہیں، ان کی تعریف میرے لیے حیران کن تھی۔

اپنے ناقدین سے متعلق سوال کے جواب میں اداکارہ نے بتایا کہ میرے دیکھنے والے، ان جیسا نقاد کوئی نہیں، یہ دن کے اختتام تک سب کہہ دیتے ہیں، اس کے ساتھ میری زندگی میں چند لوگ ہیں جنہیں میری کوئی بھی چیز پسند نہیں، انہوں نے بھی ڈارلنگز کو پسند کیا۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید