بالی ووڈ کی متنازع اداکارہ کنگنا رناوت نے اسٹار اداکار عامر خان پر اپنی ’فلم لال سنگھ چڈھا‘ کے بائیکاٹ مہم کی منصوبہ بندی کا الزام لگایا ہے۔
عامر خان کی فلم لال سنگھ چڈھا 11 اگست کو ریلیز ہورہی ہے، جو 1994ء کی ہالی ووڈ فلم ’فاریسٹ گمپ‘ کا آفیشل ہندی ری میک ہے۔
عامر خان کی فلم کو اس وقت سوشل میڈیا پر بائیکاٹ مہم کا سامنا ہے، کنگنا رناوت نے موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے انسٹاگرام اسٹوریز پر ایک نوٹ شیئر کیا ہے۔
بالی ووڈ کوئین نے لکھا کہ ’میرے خیال میں فلم لال سنگھ چڈھا سے متعلق مہارت سے چل رہی ساری منفی مہم کے پیچھے بطور ماسٹر مائنڈ عامر خان موجود ہیں‘۔
انہوں نے مزید لکھا کہ رواں سال صرف مزاحیہ فلم کے سیکیوئل کو چھوڑ کر کوئی بھی ہندی فلم باکس آفس پر کمال نہیں دکھا سکی، ایسے میں ہالی ووڈ فلم کا ری میک تو ویسے بھی کام نہیں کرے گا۔
کنگنا رناوت نے یہ بھی لکھا کہ اب وہ بھارت کو عدم برداشت کا شکار کہہ دیں گے، ہمیں بھارتی فلم بینوں کا نبض شناس بننا ہوگا، یہ ہندو یا مسلم کا معاملہ نہیں ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ عامر خان اس سے پہلے ہندوتوا پر فلم پی کے بنا چکے ہیں، جو ان کی سب سے بڑی فلم تھی، وہ اس کے ذریعے بھارت کو عدم برداشت کا حامل قرار دے چکے۔
اداکارہ نے کہا کہ گزارش ہے مذہب یا نظریے پر فلم بنانا بند کردیں اور انہیں اپنی بری اداکاری اور بری فلموں سے دور رکھیں۔
لال سنگھ چڈھا عامر خان اور کرینہ کپور کی تیسری فلم ہے، دونوں اس سے قبل تلاش اور تھری ایڈیٹ میں ایک ساتھ جلوہ گر ہوچکے ہیں۔
فلم کی ریلیز سے ایک ہفتے پہلے انٹرنیٹ پر صارفین نے ’بائیکاٹ لال سنگھ چڈھا‘ کے ہیش ٹیگ کا استعمال شروع کیا، جس پر عامر خان نے ردعمل دیا تھا۔
انہوں نے کہا تھا کہ جب بالی ووڈ کے بائیکاٹ، عامر خان کے بائیکاٹ اور لال سنگھ چڈھا کے بائیکاٹ کی مہم چلتی ہیں تو مجھے دکھ ہوتا۔
عامرخان نے یہ بھی کہا کہ بہت سے لوگوں کا ماننا ہے کہ میں بھارت کو پسند نہیں کرتا، اُن کا یہ یقین بالکل غلط ہے، میں اپنے ملک سے واقعی بہت پیار کرتا ہوں۔
ویسے یاد رہے کہ رواں برس باکس آفس پر بالی ووڈ کی ’دی کشمیر فائلز‘ اور ’گنگوبائی کاٹھیاواڑی‘ نے کامیابیاں سمیٹی ہیں جبکہ زیادہ کامیاب فلم ساؤتھ کی رہی ہیں، جن میں ’پشپا‘ اور ’کے جی ایف 2‘ شامل ہیں۔