بالی ووڈ اسٹار عامرخان نے انکشاف کیا ہے کہ لال سنگھ چڈھا کے ہیرو کے کردار کےلیے اُن کے صاحبزادے جنید خان نے بھی اسکرین ٹیسٹ دیا۔
لال سنگھ چڈھا جو 11 اگست کو ریلیز کی جائے گی، جس میں عامر خان کے ساتھ کرینہ کپور اور ناگا چیتنیا اہم کردار کیا نبھا رہے ہیں۔
وہ آج کل فلم کی پروموشن میں مصروف ہیں، انہوں نے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا کہ ان کے بیٹے جنید خان نے بھی ہیرو کے کردار کےلیے آڈیشن دیا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ آدیتہ چوپڑا اور اتل کلکرنی کو شک تھا کہ کوئی نیا اداکار اس کردار کے ساتھ انصاف نہیں کرسکے گا، اس لیے جنید خان انہیں متاثر نہ کرسکے۔
لال سنگھ چڈھا ہالی ووڈ کی 1994ء کی فلم ’فاریسٹ گمپ‘ کا آفیشل ہندی ری میک ہے، عامر خان کی اس فلم میں بھارتی تاریخ کے چند مناظر بھی عکس بند کیے گئے ہیں۔
اپنے انٹرویو میں عامر خان نے بتایا کہ لال سنگھ چڈھا کے ہیرو کے کردار کےلیے جو معصومیت درکار تھی وہ جنید خان میں ہے، میرے نزدیک جنید خان لال کا کردار نبھاسکتے تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کچھ اداکار ہنر مند ہوتے ہیں، وہ اپنے فن کو جانتے ہیں اور واقعی بہتر پرفارم کرسکتے ہیں، دوسرے وہ ہوتے ہیں جو کردار بن جاتے ہیں، جنید ان میں سے ایک ہے۔
عامر خان نے یہ بھی کہا کہ میں نے اپنے بیٹے کی نیچرل اداکاری کے کلپس آدیتہ چوپڑا، اتل کلکرنی اور راج کمار ہیرانی کو دکھائے، اس کے علاوہ بھی اپنے خاندان اور قرب و جوار کے 100 کے قریب لوگوں کو وہ ویڈیو بھیجی اُن میں سے 98 فیصد افراد نے جنید خان کی حمایت کی۔
ان کا کہنا تھا کہ لیکن فلم کے مصنف آدیتہ چوپڑا اور اتل کلکرنی کو اس پر اعتراض تھا، انہوں کہا کہ میں ہی کردار کے لیے موزوں ہوں، فلم کی کہانی بہت ٹھوس ہے، جسے ایک اسٹار کی ضرورت ہے۔
عامر خان نے کہا کہ دونوں کی رائے تھی کہ ایک نیا اداکار اس کردار کو ویسے ادا نہیں کرسکے گا جو اس کا حق ہے، میں نے اُن کی بات مان لی، دراصل آپ کبھی واقعی ٹھیک ہوتے ہیں لیکن وقت درست نہیں ہوتا۔
جنید خان، عامر خان کی سابقہ اہلیہ رینا دتہ کے بڑے بیٹے ہیں، اس جوڑے کی ایک بیٹی بھی ہے جس کا نام ایرا خان ہے۔