وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ شہیدوں کو سیاسی موضوع بنانا اچھی بات نہیں، سیاست کبھی اتنی نہیں گری تھی، جتنی آج گرگئی ہے۔
سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو میں خوجہ آصف نے کہا کہ ہیلی کاپٹر حادثے پر کچھ لوگوں نے سوشل میڈیا پر مہم چلائی، دفاعی اداروں کے خلاف مذموم مہم قابل مذمت ہے۔
انہوں نے کہا کہ رنج و غم کا اپنا ایک تقدس ہوتا ہے، یہ سیاست نہیں یہ کچھ اور چیز ہے، شہیدوں کو سیاسی موضوع بنانا اچھی بات نہیں۔
وزیر دفاع نے مزید کہا کہ سوشل میڈیا پر منفی مہم چلانےوالوں کی کچھ لوگ سرپرستی کرتے ہیں، ایک شخص اداروں کو سیاست میں گھسیٹ رہا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ ہمارا دشمن جو ہمیشہ ہمارے خلاف موقع کی تاک میں رہتا ہے، اسے اب جنگ کی ضرورت نہیں۔
خواجہ محمد آصف نے یہ بھی کہا کہ ہمارے اندر ایسے لوگ آ گئے ہے جو اداروں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہیں، کچھ لوگ اداروں پر الزامات لگا کر دشمن کے ایجنڈے پر کام کر رہےہیں۔ یہ ادارے ہماری سرحدوں اور پانی کی حفاظت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جنہوں نے ٹوئٹس کیے، ان لوگوں کی باقاعدہ مالی سرپرستی کی جاتی ہے، جب اس سے اقتدار چھن جائے تو گالی گلوچ کرتا ہے، یہ احسان فراموشی ہے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ بچوں کو یہ تربیت نہ دیں کہ گالی گلوچ کریں اور ننگی زبان استعمال کریں، تہذیب کی حدیں پہلے کوئی کراس نہیں کرتا تھا۔