فلم ایوارڈ کی ایک تقریب میں ایک شخص نے بالی ووڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان کی ٹانگ پکڑلی اور چھوڑنے سے انکار کردیا۔
انڈین انٹرنیشنل فلم ایوارڈ (آئیفا) 2011ء کے ایونٹ پر پیش آنے والے اس واقعے کو دیکھ کر پریانکا چوپڑا، رنویر سنگھ، انوپم کھیر اور انوشکا شرما سمیت کئی بڑے ستارے حیران رہ گئے۔
شاہ رخ خان کے لاکھوں مداح دنیا بھر میں پھیلے ہوئے ہیں، لیکن ہر کسی کا رویہ ہمیشہ بہترین نہیں رہتا، اُن کے مداح اس حوالے سے آگے ہی رہے لیکن کچھ واقعات یادگار ثابت ہوئے ہیں۔
آئیفا 2011ء کی تقریب کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں ہوئی، اس کی میزبانی کے فرائض بومن ایرانی، رتیش دیش مکھ ادا کررہے تھے، اسٹیج پر شاہ رخ خان کو بلوایا گیا تو اُن کے پیچھے ایک مداح بھی چلا آیا۔
مداح نے کالے رنگ کا فارمل لباس زیب تن کر رکھا تھا، وہ پہلے شاہ رخ کے قدموں میں گرا، پھر اُن کی ایک ٹانگ پکڑلی اور اُسے چھوڑنے سے انکار کردیا۔
شاہ رخ خان اس دوران اپنے مداح سے مسلسل کہتے رہے کہ اُن کی ٹانگ میں درد ہورہا ہے، آپ ایسے کیوں کھینچ رہے ہو، مجھے برا لگ رہا ہے۔
معاملہ حل نہ ہوا تو سیکیورٹی گارڈز اسٹیج پر آگئے اور مداح کو کنگ خان سے دور لے گئے، اس دوران مداح نے بالی ووڈ کے بادشاہ سے کہا کہ میں اداکار بننا چاہتا ہوں، اس پر اسٹار اداکار نے مداح سے اسٹیج کے پیچھے ملنے کا وعدہ کیا۔
شاہ رخ خان نے اس تقریب میں اپنی فلم مائی نیم از خان کے لیے بہترین اداکار کا ایوارڈ جیتا، انوشکا شرما نے بینڈ باجا بارات کے لیے بہترین اداکارہ اور رنویر سنگھ نے اسی فلم کے لیے بہترین ڈیبیو اداکار کا ایوارڈ اپنے نام کیا۔
کچھ سال قبل اداکارہ کاجل نے شاہ رخ خان کی تعریف کی اور بتایا تھا کہ وہ اپنے مداحوں سے بہت ہی شائستہ انداز میں ملتے ہیں، انہوں نے اس حوالے سے واقعہ بھی سنایا جب وہ اور کنگ خان رات کے 3 بجے ائیر پورٹ سے باہر نکل رہے تھے ۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ انہوں نے ہر مداح کی قدر کی اور ہر ایک کو اپنے ساتھ تصویر بنوانے دی، وہ خواتین کا احترام کرتے ہیں، اپنے محافظ کو بدتمیزی سے روکتے ہیں، یہی وجہ ہے، مداح بھی انہیں عزت دیتے ہیں۔
شاہ رخ خان 3 فلموں پٹھان، جوان اور ڈنکی کے ذریعے 4 سال کے طویل وقفے کے بعد بڑے پردے پر واپسی کی تیاری کر رہے ہیں۔