پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری نے رانا ثناء اللّٰہ کے بیان پر ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ رانا صاحب! آپ تھانہ کوہسار کے ایس ایچ او ہیں، اس سے زیادہ آپ کی حیثیت نہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے بیان میں انہوں نے رانا ثناء اللّٰہ سے مخاطب ہو کر کہا ہے کہ اپنی اوقات کے مطابق بات کیا کریں۔
فواد چوہدری کا وزیرِ داخلہ سے کہنا ہے کہ یہ نہ ہو کہ آپ کو لینے کے دینے پڑ جائیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ بہادر آپ اتنے ہیں کہ جب سے حکومت تبدیل ہوئی ہے، آپ فیصل آباد نہیں گئے، احتیاط اچھی چیز ہے۔
واضح رہے کہ ’جیو نیوز‘ کے پروگرام ’نیا پاکستان‘ میں گفتگو کے دوران رانا ثناء اللّٰہ نے کہا تھا کہ عمران خان پوری قوم کے سامنے ایکسپوز ہوچکے، یہ اب اس سے بچنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پی ٹی آئی کے اکاؤنٹس میں پیسے غیر قانونی طریقے سے آئے، ان کے عہدے داروں کے کالے کرتوت ان اکاؤنٹس میں چھپے ہیں، تحقیقات میں تعاون نہ کیا تو قانون گرفتاری کی اجازت دیتا ہے۔