پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کی سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر شیریں مزاری کو اُن کے بیان پر سوشل میڈیا پر تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
شیریں مزاری نے آج امریکی سفیر پر توپوں کے دہانے کھول دیے اور ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ ڈونلڈ بلوم اور ان کے گینگ نے طورخم جاتے ہوئے حساس علاقوں پر پرواز کی اور جائزہ لیتے رہے۔
پی ٹی آئی رہنما کو اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر تنقید کا سامنا ہے، ایک صارف نے استفسار کیا کہ اس ریڈ کارپٹ کے بارے میں کیا خیال ہے جو تحریک انصاف کی خیبرپختونخوا حکومت نے امریکی وائسرائے کو دیا تھا؟
سوشل میڈیا پر کسی نے شیریں مزاری کی امریکی سفیر پر تنقید کو مضحکہ خیز قرار دیا اور کہا کہ امریکی سفیر بلوم کے جس دورے پر تنقید کی جارہی ہے، وہاں تو پی ٹی آئی کی حکومت ہے اور حکومتی اجازت کے بغیر یہ دورہ ناممکن ہے۔
ایک سوشل میڈیا صارف نے مزید کہا کہ دو دن پہلے جب پی ٹی آئی کی حکومت اسی سفیر سے گاڑیاں وصول کر رہی تھی تب تو آپ کچھ بھی نہ بولیں۔