پاک فوج میں اعلیٰ سطح پر تبادلے و تقرریاں کی گئی ہیں، جہاں سے کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کو کور کمانڈر بہاولپور تعینات کردیا گیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل سردار حسن اظہر حیات کو کور کمانڈر پشاور جبکہ لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کو کور کمانڈر بہاولپور تعینات کردیا گیا ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل سردار حسن اظہر حیات مغربی سرحد کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں، وہ جی او سی میرانشاہ بھی تعینات رہے ہیں۔
لیفٹیننٹ جنرل سردار حسن اظہر حیات جنوبی وزیرستان میں بطور بریگیڈئیر برگیڈ کی کمانڈ کر چکے ہیں۔
لیفٹیننٹ جنرل سردار حسن اظہر حیات نے آئی ایس آئی میں تعیناتی کے دوران افغان امن عمل میں کلیدی کردار ادا کیا جبکہ چین میں بطور دفاعی اتاشی بھی فرائض سرانجام دے چکے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل خالد ضیا ملٹری سیکریٹری پاکستان آرمی تعینات کردیے گئے۔