پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اسد عمر نے یومِ عاشور کے موقع پر کربلا کا سبق شیئر کر دیا۔
سماجی رابطےکی سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے اپنے پیغام میں اسد عمر نے کہا ہے کہ کربلا کا سبق یہ ہے کہ صرف چند افراد بھی راہِ حق پر کھڑے ہوں اور باطل طاقت کے سامنے جھکنے کو تیار نہ ہوں تو انہیں صدیوں یاد رکھا جاتا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ آنے والی نسلیں بھی راہِ حق پر کھڑے ہونے والوں سے سبق سیکھتی ہیں۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں آج یومِ عاشور عقیدت اور احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔
نواسۂ رسول حضرت امام حسین رضی اللّٰہ عنہ کی لازوال قربانی کی یاد میں ملک بھر کے چھوٹے بڑے شہروں اور قصبوں میں عاشورہ ٔ محرم الحرام کے جلوس نکالے جا رہے ہیں، مجالسِ عزا برپا کی جا رہی ہیں، عزاداروں کا ماتم اور نوحہ خوانی جاری ہے۔
ملک بھر میں عاشورۂ محرم الحرام کے جلوسوں کے راستوں پر سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں۔